نئی دلی //معروف ملبورن کرکٹ کلب (ایم سی سی) نے بدھ کو ورلڈ کپ فاتح کپتان مہندر سنگھ دھونی سمیت چار دیگر ہندوستانی بین الاقوامی کرکٹوں کو ’تاعمر رکنیت‘ فراہم کی ہے۔ ان کھلاڑیوں میں یووراج سنگھ، سریش رائنا، سابق ہندوستانی خاتون ٹیم کی کپتان متھالی راج اور عظیم خاتون گیند باز جھولن گوسوامی شامل ہیں۔ ایم سی سی نے آٹھ ٹسٹ کھیلنے والے ملکوں کے 19 نئے آنریری لائف ممبرز کے ناموں کا اعلان کیا۔ اپنی ویب سائٹ پر ایم سی سی نے کہا، ’پانچ ہندوستانی کھلاڑیوں کو اعزازی لائف ممبرشپ سے نوازا گیا ہے۔ خواتین کے ون ڈے میچوں میں جھولن گوسوامی سب سے زیادہ وکٹیں لینے والی بولر ہیں جبکہ متھالی راج 211 اننگز میں 7,805 رنز کے ساتھ سب سے زیادہ رنز بنانے والوں کی فہرست میں سرفہرست ہیں۔ اس میں کہا گیا ہے کہ، ’ایم ایس دھونی اور یووراج سنگھ دونوں ہی ہندوستانی ٹیم کا اہم حصہ تھے، جس نے 2007 آئی سی سی مرد ورلڈ ٹی ٹوئنٹی اور 2011 آئی سی سی مرد ورلڈ کپ جیتا تھا اور سریش رینا نے 13 سال کے کرئیر میں ونڈے میں 5500 سے زیادہ رن بنائے ہیں۔‘ معروف ملبورن کرکٹ کلب (ایم سی سی) کی جانب سے جن دیگر کرکٹرز کو رکنیت دی گئی ہے ان میں ویسٹ انڈیز کی مریسا اگلیریا، انگلینڈ کی جینی گن، لورا مارش، انیا شروبسول ،ایون مورگن ،کیوین پیٹرسن، پاکستان کے محمد حفیظ، بنگلہ دیش کے مشرف مرتضیٰ، جنوبی افریقہ کے ڈیل اسٹین، آسٹریلیا کی ریچل ہینس اور نیوزی لینڈ کی ایمی سیٹرویتھ ویٹ اور راس ٹیلر شامل ہیں۔