کینڈی/سری لنکا کے شہر کینڈی میں مسلسل بارش کے باعث ایشیا کپ میں گروپ اے کے ہائی وولٹیج مقابلے کو ختم کردیا گیا۔ میچ ختم کئے جانے کے بعد دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا جس کے ساتھ ہی پاکستان نے سپر فور مرحلے کےلئے کوالیفائی کرلیا۔ پالی کیلے میں کھیلے گئے اس میچ میں بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بورڈ پر 266رنز بنائے۔ بھارت کی جانب سے روہت شرما اور شبمن گل نے بیٹنگ جبکہ پاکستان کے شاہین آفریدی نے بولنگ سے میچ کا آغاز کیا۔میچ شروع ہونے کے کچھ دیر بعد بارش کی وجہ سے میچ روکنا پڑا، اس وقت بھارت نے 4 اعشاریہ 2 اوورز میں بغیر کسی وکٹ کے نقصان پر 15 رنز بنا لیے تھے۔بارش رکنے کے بعد کھیل کا آغاز ہوا تو شاہین آفریدی نے فوراً ہی پاکستان کو پہلی کامیابی دلاتے ہوئے بھارتی کپتان کو 11رنز پر بولڈ کردیا۔شاہین آفریدی نے اننگز کے 5ویں اوور میں 15 رنز پر بھارت کی پہلی وکٹ حاصل کی۔اننگز کے 6 اعشاریہ 3 اوور میں شاہین آفریدی نے 27 رنز پر بھارت کی دوسری وکٹ بھی حاصل کی جب انہوں نے ویرات کوہلی کو 4 رنز پر بولڈ کیا۔بھارت کی تیسری وکٹ حارث رؤف نے 48 رنز پر حاصل کی جب انہوں نے شریاس ایئر کو 14رنز پر کیچ آؤٹ کروایا۔شبمن گل اور ایشان کشن نے ٹیم کا اسکور آگے بڑھانے کی کوشش کی تاہم 66 کے مجموعے پر گِل کو حارث رؤف نے بولڈ کردیا، انہوں نے 10 رنز بنائے۔اس کے بعد پانچویں وکٹ پر ایشان کشن اور ہاردیک پانڈیا نے اپنی ٹیم کےلئے ریسکیو عمل شروع کیا اور ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 138 رنز کی پارٹنر شپ بنا کر بڑے ٹوٹل کی گھنٹی بجادی۔ دونوں بیٹرز نصف سنچریاں ممکمل کرنے کے بعد سنچری کی جانب گامزن تھے کہ حارث رؤف نے بلآخر 38ویں اوور میں اس خطرناک پارٹنرشپ کو توڑ دیا۔ انہوں نے ایشان کشن کو کیچ آؤٹ کروایا، کشن نے 81گیندوں پر 82رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔انکے بعد شاہین آفریدی نے اپنے آٹھویں اوور میں پہلے ہاردیک پانڈیا اور پھر رویندرا جاڈیجا کو بھی پویلین کی راہ دکھا دی۔ ہاردیک پانڈیا نے دباؤ کے باوجود 87رنز کی زبردست اننگز کھیلی جبکہ رویندرا جاڈیجا نے 14رنز بنائے۔ اگلے ہی اوور کی پہلی گیند پر نسیم شاہ نے شردل ٹھاکر کو کیچ آؤٹ کروا کر بھارت کے بڑے ٹوٹل کی جانب سفر کو بریک لگادی۔اختتامی لمحات میں جسپریت بومرا نے 16رنز بنا کر ٹیم کو 266کے مجموعے تک پہنچا دیا۔ 49ویں اوور میں نسیم شاہ نے پہلے کلدیپ یادیو اور پھر جسپریت بومرا کو کیچ آؤٹ کروایا۔ پاکستان کی جانب سے تمام 10وکٹیں فاسٹ بولرز نے لیں۔ شاہین آفریدی 4وکٹیں لے کر سب سے کامیاب بولر رہے جبکہ حارث رؤف اور نسیم شاہ نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔ بھارتی اننگز کے بعد اسٹیڈیم میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا، جس کے باعث کٹ آف ٹائم تک بھی میچ شروع نہ ہوسکا جس کے باعث میچ منسوخ کرنے کا اعلان کردیا گیا۔ خیال رہے کہ پالی کیلے اسٹیڈیم میں بھارت نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔