عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی//نیشنل کانفرنس کے رکن پارلیمنٹ میاں الطاف احمد نے بدھ کے روز ایران پر امریکہ اسرائیل حملے اور اس کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی ہلاکت کی مذمت میں ہندوستان کی خاموشی پر سوال اٹھایا۔میاں الطاف احمد نے یہ مسئلہ اور دیگر خدشات حکومت کی طرف سے بلائی گئی کل جماعتی میٹنگ کے دوران اٹھاے جس میں مغربی ایشیا کے بڑھتے ہوئے تنازعات اور بھارت پر اس کے اثرات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کی صدارت میں ہونے والی میٹنگ میں وزیر داخلہ اوردیگر کئی کابینی وزراء کے علاوہ اپوزیشن لیڈر موجود تھے۔
میاں الطاف نے کہا کہ حیرت کی بات ہے کہ بھارت غیر وابستہ ملک ہونے کے ناطے ایران پر امریکی اسرائیل حملے کی مذمت میں خاموشی اختیار کرتا ہے جس میں اس کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی ہلاکت ہوئی تھی۔ میاں الطاف نے کہا کہ امریکہ اسرائیل کی زیر قیادت جنگ کسی کے مفاد میں نہیں ہے اور اس سے پوری دنیا متاثر ہوگی اور عوام متاثر ہوں گے اور عالمی توانائی بحران کو جنم دے گی۔تاہم میاں الطاف نے توانائی کے بحران پر قابو پانے میں حکومت کی اب تک کی کوششوں کو سراہا اور حکومت پر زور دیا کہ وہ مغربی ایشیا کی موجودہ صورتحال کے دوران ضروری اشیاء کی دستیابی کو یقینی بنائے۔