محتشم احتشام
پونچھ//حویلی کے دور افتادہ علاقہ اڑائی میں عوام کی ایک دیرینہ مانگ اس وقت عملی صورت اختیار کر گئی جب اڑائی کٹھا تا اڑائی رابطہ سڑک کے تعمیراتی کام کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔ یہ اہم منصوبہ معزز ایم ایل اے حویلی اعجاز احمد جان کی خصوصی کاوشوں سے وزیر اعظم گرام سڑک یوجنا (PMGSY) اسکیم کے تحت شروع کیا گیا ہے، جس پر مقامی عوام نے مسرت اور اطمینان کا اظہار کیا ہے۔واضح رہے کہ مذکورہ سڑک سنہ 2016 میں آنے والے تباہ کن سیلاب کے باعث شدید متاثر ہو گئی تھی، جس کے بعد سے مقامی آبادی کو آمد و رفت میں سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔ بارشوں کے موسم میں صورتحال مزید سنگین ہو جاتی تھی اور عوام کو روزمرہ ضروریات، تعلیمی سرگرمیوں اور طبی سہولیات تک رسائی میں دشواریاں پیش آتی تھیں۔
اب اس منصوبے کے آغاز کے ساتھ ہی عوام میں امید کی نئی کرن پیدا ہوئی ہے۔ منصوبے کے تحت سڑک پر کریٹ ورک، نکاسی آب کے لیے نالیوں کی تعمیر، روڑی بچھانے اور جدید بلیک ٹاپنگ سمیت تمام ضروری تعمیراتی کام انجام دیے جائیں گے تاکہ سڑک کو پائیدار اور معیاری بنایا جا سکے۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ سڑک نہ صرف اڑائی کے عوام کے لیے سفری آسانیاں پیدا کرے گی بلکہ علاقائی ترقی، تجارت اور تعلیمی سرگرمیوں کو بھی فروغ دے گی۔ عوام نے امید ظاہر کی کہ متعلقہ محکمہ منصوبے کی بروقت تکمیل کو یقینی بنائے گا تاکہ لوگوں کو جلد از جلد اس کے ثمرات حاصل ہو سکیں۔اس موقع پر سابق سرپنچ محمد اسلم ملک نے معزز ایم ایل اے اعجاز احمد جان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے عوامی مسائل کو ترجیح دیتے ہوئے ایک اہم مطالبے کو پورا کیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ٹھیکیدار معیاری تعمیراتی اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے دیانتداری اور ذمہ داری کے ساتھ کام مکمل کرے گا جبکہ متعلقہ محکمہ بھی منصوبے کی مسلسل نگرانی کرے گا۔اہلیانِ اڑائی نے اس اقدام کو عوام دوست فیصلہ قرار دیتے ہوئے ایم ایل اے حویلی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی علاقے کی ترقی کے لیے اسی جذبے کے ساتھ اقدامات جاری رہیں گے۔