عظمیٰ نیوز سروس
ممبئی//اڈانی گروپ نے اعلان کیا ہے کہ وہ ان11 ہوائی اڈوں کے لیے بولی میں حصہ لے گا جنہیں مرکزی حکومت نجی شعبے کو طویل مدت کے لیے لیز پر دینے کا ارادہ رکھتی ہے۔ یہ قدم کمپنی کی آئندہ پانچ برسوں میں ایئر پورٹ انفراسٹرکچر کے شعبے میں توسیعی حکمت عملی کا حصہ ہے۔اڈانی ایئرپورٹس ہولڈنگز لمیٹڈ کے ذریعے اس وقت ملک کا سب سے بڑا ایئرپورٹ انفراسٹرکچر آپریٹر ہے۔ کمپنی ملک کی مجموعی ہوائی مسافر آمدورفت کے تقریباً23 فیصد جبکہ کارگو ٹریفک کے لگ بھگ 33فیصد حصے کو کنٹرول کرتی ہے۔حکومت ہند سرکاری ملکیت کے ہوائی اڈوں کو نجی اداروں کے حوالے کرنے کے ساتھ ساتھ نئے ہوائی اڈوں کی تعمیر کی حوصلہ افزائی بھی کر رہی ہے۔ اڈانی ایئرپورٹس ہولڈنگز کے ڈائریکٹر جیت اڈانی نے ممبئی میں ایک انٹرویو کے دوران کہا’’ ہم تمام ہوائی اڈوں کے لیے بولی لگائیں گے۔اڈانی ایئرپورٹس اس وقت ملک کے سات ہوائی اڈوں کا انتظام سنبھالے ہوئے ہے اور رواں ماہ اپنے پہلے گرین فیلڈ منصوبے ممبئی کے قریب تعمیر ہونے والے نئے ہوائی اڈے نوی ممبئی ایئر پورٹ کو عملی طور پر شروع کرنے جا رہا ہے‘‘۔اڈانی گروپ ممبئی کے دونوں ہوائی اڈوں کے علاوہ اڈانی گروپ احمد آباد، لکھنو، گوہاٹی، ترواننت پورم، جے پور اور منگلور کے ہوائی اڈوں کا بھی انتظام دیکھتا ہے۔ وزارتِ شہری ہوابازی نے ہوائی اڈوں کی نشاندہی کی ہے، جن میں چھ چھوٹے ہوائی اڈے بھی شامل ہیں، جنہیں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل کے تحت چلایا جائے گا۔