بنگس ویلی سمیت4مزید جگہیں برف ختم ہونے کے بعد کھولی جائیں گی:ایل جی
جموں// لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے پیر کو مرکز کے زیر انتظام علاقے میں 14 سیاحتی مقامات کو دوبارہ کھولنے کا حکم دیا، جنہیں گزشتہ سال اپریل میں پہلگام ملی ٹینٹ حملے کے بعد بند کر دیا گیا تھا۔ایل جی انتظامیہ نے گزشتہ سال 22 اپریل کو بائسرن پہلگام میں حملے کے بعد جموں کشمیر میں تقریباً 50 سیاحتی مقامات کو بند کر دیا تھا۔ایل جی کے دفتر نے ایکس ر کہا، “ایک مکمل سیکورٹی جائزہ اور بات چیت کے بعد، میں نے کشمیر اور جموں ڈویژنوں میں مزید سیاحتی مقامات کو دوبارہ کھولنے کا حکم دیا ہے، جنہیں احتیاطی تدابیر کے طور پر عارضی طور پر بند کر دیا گیا تھا۔”اس کے ساتھ، عارضی بندش کے بعد دوبارہ کھلنے والے سیاحتی مقامات کی کل تعداد 26 ہوگئی۔ 26 ستمبر کو ایل جی نے 12 سیاحتی مقامات کو دوبارہ کھولنے کا حکم دیا تھا۔”کشمیر ڈویژن کے گیارہ سیاحتی مقامات یوس مرگ، دودھ پتھری، کوکرناگ میں ڈنڈی پورہ پارک، پیر کی گلی، شوپیان میں دبجن اور پادپاون، آستان پورہ، ٹیولپ گارڈن، تھجواس گلیشیئر، گاندربل میں ہنگ پارک، اور ولر اور وٹلب کو فوری طور پر کھولنے کا حکم دیا گیا ہے۔”انہوں نے کہا کہ جموں ڈویژن میں تین سیاحتی مقامات ریاسی میں دیوی پنڈی، رام بن میں مہو مانگت اور کشتواڑ میں مغل میدان کو بھی فوری طور پر دوبارہ کھولا جانا ہے۔سنہا نے مزید کہا، “کشمیر ڈویژن میں تین سائٹس گریز، اٹھوتواور بنگس اور جموں ڈویژن میں ایک سائٹ رام بن میں رام کنڈ کو برف صاف ہونے کے بعد دوبارہ کھول دیا جائے گا”۔