اٹلی//اٹلی کے شہر جنیووا میں موٹروے پل گرنے سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد بڑھ کر 35 ہوگئی جبکہ متعدد افراد شدید زخمی ہیں۔اس سے قبل اٹلی کے ڈپٹی وزیرٹرانسپورٹ ایڈوارڈو ریکسی نے ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ ‘بدقسمتی سے میں 30 ہلاکتوں کی تصدیق کرسکتا ہوں اور یہ تعداد اس سے بڑھ سکتی ہے’۔اٹلی کی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ اٹلی کو فرانس سے ملانے والی مرکزی شاہراہ ساحلی شہر جنیووا کے قریب گر گئی اور گاڑیاں 90 میٹر کی اونچائی سے نیچے آگریں جس سے 35 افراد ہلاک اور کئی شدید زخمی ہوئے۔مقامی میڈیا کے مطابق امدادی کارکنوں کا کہنا تھا کہ 200 میٹر طویل ‘مورانڈی’ پل گرنے سے درجنوں افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ جائے وقوع کی ویڈیوز اور تصاویرمیں دیکھا جاسکتا ہے کہ پل کا ایک حصہ مکمل طور پر تباہ ہوچکا ہے۔