عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// نیشنل کانفرنس صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ نے صحافت کی آزادی کے عالمی دن کے سلسلے میں کہاہے کہ 1931کی قربانیوں کی بدولت ہی جموں و کشمیر کو آزاد صحافت نصیب ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ صحافت کی آزادی کو فروغ دینے کی خاطر مرحوم شیخ محمد عبداللہ کو مختلف مسائل و مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے کہاکہ صحافت سے تعلق رکھنے والے افراد،قلمکار اور دانشورطبقے کو معلوم ہوگا کہ جموں وکشمیر میں آزاد صحافت کیلئے نیشنل کانفرنس کا کیا رول ہے۔ ڈاکٹر فاروق نے کہا کہ 1996 میں نیشنل کانفرنس نے اقتدار سنبھالنے کے ساتھ ہی تباہ شدہ ڈھانچے کو پٹری پر واپس لانے کے ساتھ ساتھ اخبارات کی اشاعت بحال کروائی۔ انہوں نے کہا ’’ صحافت ایک باعزت پیشہ ہی نہیں بلکہ خدمت خلق کا ایک بہترین ذریعہ ہے‘‘۔ انہوں نے صحافت کو عوام کی شہ رگ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ لوگوں کے جائیز مطالبات حکام تک پہنچانے کیلئے بنیاد فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحافی برادری غریب اور نادار لوگوں کے تئیں نیک ارادے رکھتے ہیں اور ان کو آرام پہنچانے کی ہر ممکن کوشش میں مصروف رہتے ہیں۔