ٹنگمرگ+سرینگر//ٹنگمرگ ، کنزر اور بمنہ میںآتشزدگی کی الگ الگ وارداتوں میں تین رہائشی مکانات اور ایک دوائی کی دوکان خاکستر ہوگئی ۔ تریرن ٹنگمرگ میں بدھوار کی رات کودو بھائیوں عبدالرشید وانی اور عبدالقیوم وانی کے دو رہائشی مکانوں سے اچانک اگ نمودار ہوگئی ۔ علاقے میں تیزہوائوںکی وجہ سے آگ نے بھیانک رخ اختیار کیا جس سے دونوں مکان مال اسباب سمیت خاکستر ہوگئے۔ اسی طرح کی ایک اور واردات میں ننگر پورہ کنزر میں محمد سلطان نامی شخص کا رہائشی مکان آگ کی ایک واردات میں خاکستر ہوگئی۔اگرچہ فائر سروس اور مقامی لوگوں نے آگ پر قابو پانے کی کوشش کی تاہم تیز ہوائوں کے سبب بے بس ہوگئے۔ ادھراپنی پارٹی کے نائب صدر غلام حسن میر اور ڈی ڈی سی ٹنگمرگ میر تجمل اشفاق نے تین رہائشی مکانات کے خاکستر ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے تحصیل اور ضلع انتظامیہ سے متاثرین کی مالی معاونت کرنے کی اپیل کی ھے۔ابتدائی طور آگ لگنے کی وجہ بجلی شارٹ سرکٹ بتائی جاتی ہے۔ ٹنگمرگ اور کنزر پولیس نے کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔ادھر بمنہ سرینگر میں جمعرات کی شام دوائی کی ایک دوکان میں آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں دکان میں موجود لاکھوں روپے مالیت کی دوائیاں اور دیگر سامان راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوگیا۔عینی شاہدین کے مطابق جمعرات کی شام کو بمنہ میں شارجہ میدان کے قریب موجود دوائی کی دوکان سے اچانک آگ نمودار ہوگئی جس کی لپیٹ میں پوری عمارت آگئی ۔محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی، پولیس اور مقامی لوگ آگ پر قابو پانے کی کوششوں میں مصروف ہوئے تاہم دوائی کی دوکان میں موجود لاکھوں روپے مالیت کی دوائیاں اور دیگر سامان خاکستر ہوگیا۔