حیدرآباد//مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں مختلف ریگولر کورسز میں داخلوں کے لیے انٹرنس ٹسٹ 28 اور 29/ مئی 2019 کو صبح 10بجے تا 12 بجے دوپہر اور دوپہر 2 بجے سے سہ پہر 4 بجے حیدرآباد کے علاوہ سارے ملک کے 16 مقامات پر منعقد ہو رہے ہیں۔ڈاکٹر ایم ونجا، ڈائرکٹر، نظامت داخلہ کے بموجب، پی ایچ ڈی (اردو، انگریزی، ہندی، عربی، فارسی، نظم و نسق عامہ،سماجی اخراج و اشتمالی پالیسی، صحافت و ترسیل عامہ)، ایم ٹیک (کمپیوٹر سائنس)، اور ڈی ایل ایڈ میں داخلہ کے لیے انٹرنس 28 / مئی کو صبح 10 بجے تا 12 بجے دوپہر منعقد ہوگا جبکہ پی ایچ ڈی (تعلیم، اسلامک اسٹڈیز، سوشل ورک، تاریخ، معاشیات)، ایم ایڈ، ایم سی اے کے لیے اسی دن 2 تا 4 بجے دن داخلہ امتحان لیا جائے گا۔ پی ایچ ڈی (مینجمنٹ، سماجیات، سیاسیات، مطالعاتِ ترجمہ)، بی ٹیک، ایم بی اے ، بی ایڈ کے لیے انٹرنس 29/ مئی کو 10 بجے صبح تا12 بجے دوپہر منعقد ہوگا۔ پی ایچ ڈی کمپیوٹر سائنس، کامرس، مطالعاتِ نسواں، ریاضی، طبیعیات، کیمیا، نباتیات اور حیوانیات) اور ڈپلوما ان انجینئرنگ (پالی ٹیکنیک) کا داخلہ امتحان 2 تا 4 بجے دن ہوگا۔ امیدواروں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ امتحانی مرکز پر آدھا گھنٹہ قبل پہنچ جائیں۔ امتحان کے آغاز کے بعد داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔طلبہ کی سہولت کے لیے دونوں دن حیدرآباد کیمپس کے لیے مین روڈ، ٹیلی کام نگر (گچی باؤلی) سے پالی ٹیکنیک بلڈنگ، یونیورسٹی کیمپس تک انتظامیہ نے مفت بس سروس کا نظم کیا ہے ۔داخلہ امتحان یونیورسٹی ہیڈ کوارٹر حیدرآباد کے علاوہ آسنسول (مغربی بنگال)، اورنگ آباد (مہاراشٹر)، اعظم گڑھ، سنبھل، لکھنؤ (اتر پردیش)، بنگلورو، بیدر (کرناٹک)، بھوپال (مدھیہ پردیش)، کٹک (اڈیشہ)، دربھنگہ، کشن گنج، پٹنہ (بہار)، دہلی (این سی آر)، گواہاٹی (آسام)، کڑپہ (آندھرا پردیش)، سری نگر (جموں و کشمیر) میں منعقد ہوں گے ۔