سوپور کے کنڈی جنگل میں کئی درخت خاکستر
عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// اولڈ برزلہ سرینگر اور دانگام شوپیان میںآتشزدگی کے واقعات میں 5 رہائشی مکان خاکستر ہو ئے، جس کے نتیجے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ تاہم بروقت کارروائی کے باعث آگ کو مزید پھیلنے سے روک لیا گیا اور کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ اتوار کی صبح تقریباً ساڑھے نو بجے اولڈ برزلہ علاقے سے آگ لگنے کی اطلاع موصول ہوئی، جس کے فوراً بعد فائر اینڈ ایمرجنسی کے اہلکار ضروری ساز و سامان کے ساتھ جائے وقوعہ کی طرف روانہ ہوئے۔عہدیدار کے مطابق آگ پر قابو پانے کے لیے سات فائر ٹینڈروں کو موقع پر تعینات کیا گیا، جنہوں نے مسلسل کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد آگ کو مکمل طور پر بجھا دیا۔ تاہم اس دوران چار رہائشی مکانات شدید طور پر متاثر ہوئے اور ان میں رکھا گھریلو سامان بھی جل کر راکھ ہو گیا۔مقامی لوگوں کے مطابق آگ اچانک بھڑک اٹھی جس کے باعث مکینوں کو گھروں سے باہر نکلنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ابتدائی طور پر آگ لگنے کی وجوہات معلوم نہیں ہو سکیں، تاہم پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کر دی ہے۔ادھر شوپیان ضلع کے دانگام گائوں میں دوران شپ آگ کی ایک واردات میں ایک رہایشی مکانج کو نقصان پہنچا ہے۔ادھرسوپور سب ڈویژن کے رام پورہ راج پورہ کے کنڈی رینج کے جنگلاتی علاقے میں اتوار کی شام آگ لگ گئی، جس سے مقامی لوگوں اور جنگلاتی حکام میں تشویش پھیل گئی۔آگ پراسرار طور پر رام پورہ راج پورہ کے جنگلات کے کمپارٹمنٹ نمبر 35 میں بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں کافی تعداد میں درختوں کو نقصان پہنچا۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی محکمہ جنگلات کی ٹیمیں آگ پر قابو پانے کے لیے موقع پر پہنچ گئیں۔ محکمہ جنگلات کے ایک اہلکار نے بتایا کہ شعلوں کی وجہ سے کئی درختوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔اہلکار نے مزید کہا کہ آگ پر قابو پانے کے لیے فوری طور پر مربوط کوششیں شروع کی گئیں، فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ، محکمہ جنگلات اور فارسٹ پروٹیکشن فورس کی ٹیمیں سرگرمی سے آپریشن میں مصروف ہیں۔ادھرزہم پورہ بارہمولہ میںاتوار کو بعد دوپہر گنائی محلہ میں ایک بجلی ٹرانسفارمر سے اچانک آگ نمودار ہوئی جس سے مذکورہ ٹرانسفارمر اور ترسیلی لائنیں جل کر خاکستر ہوگئیں ہیںاور مزکورہ دیہات میں بجلی سپلائی بھی متاثر ہوئی ہے۔