زاہد بشیر
گول//گو ل کے موئلہ علاقہ میں عرصہ دراز سے انڈور اسٹیڈیم تشنۂ تکمیل ہے ۔ اس سلسلے میں کھیل شائقین ،زمینداروں اور عام لوگوں نے احتجاج کرتے ہوئے جلد از جلد اسٹیڈیم پر تعمیری کام شروع کرنے کا مطالبہ کیا ۔ مقامی زمینداروں کا کہنا ہے کہ دس سال سے قبل انہوں نے اس اسٹیڈیم کے لئے اراضی فراہم کی ہے لیکن اس پرسست رفتاری سے کام چل رہا ہے اور ایک سال سے اس پر کوئی کام ہی نہیں ہورہا ہے جس کی وجہ سے یہ کھنڈرات میں تبدیل ہوگیا ہے ۔ انہوں نے کہا ’’ ہم سے کہا گیا تھاکہ اسٹیڈیم تک سڑک کیلئے اراضی فراہم کریں اور آپ کو معاوضہ دیا جائے گا لیکن معاوضہ ملا اور نہ اسٹیڈیم بنا ‘‘۔ انہو ں نے مزید کہا کہ’ اب ہم مجبور ہیں ۔اب ہم روڈ بھی بند نہیں کر سکتے ہیں ، اب اگر اسٹیڈیم ہی تعمیر ہوتا تو ہمارے بچے کم سے کم کھیل ہی پاتے‘‘۔ اس سلسلے میں ایس ڈی ایم گول تنویر المجید نے کہا ’’ جو اراضی انڈور اسٹیڈیم کیلئے زمینداروں نے دی ہے وہ مفت میں دی گئی ہے اس کا کوئی معاوضہ نہیں ملا ہے اورسڑک کا بھی معاوضہ نہیں ملا ہے اور نہ ہی کسی محکمہ کے سپرد ہے‘‘ ۔