سرینگر//جے اینڈ کے اسپورٹس کونسلجسمانی طور معذور کھلاڑیوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کے لیے اپنی کوششیں کر رہی ہے تاکہ انھیں دوسرے خطوں کے اپنے ہم منصبوں کے برابر لایا جا سکے۔ حال ہی میں، اسپورٹس کونسل نے اسی سمت میں ایک قدم اٹھایا اور ہندوستانی وہیل چیئر باسکٹ بال ٹیم کے لیے ایک سلیکشن کم ٹریننگ کیمپ کا انعقاد کیا اور اس سلسلے میں وہیل چیئر باسکٹ بال فیڈریشن آف انڈیا (WBFI) اور والنٹری میڈیکیئر سوسائٹی (VMS) کے ساتھ مل کر کام کیا۔ہندوستان کی مختلف ریاستوں سے ڈبلیو بی ایف آئی کے ذریعہ منتخب کردہ تقریباً 16 خواتین وہیل چیئر کھلاڑی کیمپ کا حصہ تھیں جس میں بین الاقوامی سطح پر ملک کی نمائندگی کے لیے بارہ کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم کا انتخاب کیا گیا۔ منتخب ٹیم میں جموں و کشمیر سے تعلق رکھنے والے دو ممبران انشاء بشیر اور عشرت اختر شامل ہیں۔ جہاں انشا کا تعلق بڈگام سے ہے، عشرت بارہمولہ سے ہے۔ یہ ٹیم اگلے ماہ 5 تا 11 تاریخ کو جے پی اسپورٹس کمپلیکس، گریٹر نوئیڈا میں منعقد ہونے والے پہلے دعوتی بین الاقوامی وہیل چیئر باسکٹ بال ٹورنامنٹ میں حصہ لے گی۔قومی ٹیم میں ان کے انتخاب کو اس سال کی سب سے بڑی کامیابیوں میں سے ایک قرار دیتے ہوئے، سکریٹری وائی ایس ایس اور سیاحت سرمد حفیظ نے کہا کہ ہم مستقبل میں اس طرح کے مزید کیمپ منعقد کریں گے اور جس طرح جموں و کشمیر کی دو لڑکیوں نے اپنے خوابوں کو پورا کرنے کے لیے ہمت اور عزم کا مظاہرہ کیا ہے۔مجھے یقین ہے کہ یہ ہمارے نوجوانوں کو اپنے مقاصد کے حصول کے لیے مزید محنت کرنے کی ترغیب دے گا”۔سیکرٹری سپورٹس کونسل، نزہت گل نے کہا، “اس وقت جب ہمارے بہت سے نوجوان منشیات کی طرف گر چکے ہیں اور ابھی تک بہت سے ہسپتالوں اور بحالی مراکز میں اس لعنت سے لڑ رہے ہیں، انشاء اور عشرت جیسی لڑکیاں امید کی کرن ہیں”۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام رکاوٹوں کے باوجود دونوں نے ایک سنگ میل حاصل کیا ہے اور یقینی طور پر وہ آنے والے سالوں میں مزید بہت کچھ حاصل کریں گے۔