عظمیٰ نیوز سروس
سر نگر// جموں و کشمیر میں گزشتہ 5 سالوں میں انسانوں اور جنگلی جانوروں کے درمیان تصادم کے 761 سے زیادہ واقعات، بشمول کم از کم 71 اموات اور سینکڑوں زخمی رپورٹ ہوئے ہیں۔حکومت کی جانب سے متاثرین اور ان کے خاندانوں کو 691.857 لاکھ روپے معاوضے کے طور پر ادا کئے گئے ہیں۔محکمہ جنگلی حیات کے تحفظ کی جانب سے سجاد لون کی طرف سے پیش کردہ کٹ موشن کے جواب میں بتایا گیاکہ 2020-21میں 9 اموات اور 110 زخمی ہونے کے واقعات رپورٹ ہوئے، جن میں اموات کے لیے 22.150 لاکھ روپے اور زخمیوں کے لیے 82.240 لاکھ روپے کا معاوضہ ادا کیا گیا۔2021-22 میں، 14 اموات اور 162 زخمی ہوئے، جس میں موت کے معاوضے کے طور پر 42.000 لاکھ روپے اور زخمیوں کے لیے 88.960 لاکھ روپے ادا کیے گئے۔2022-23 کے دوران، 15 اموات اور 80 زخمی ہوئے، جس میں اموات کے لیے 60.000 لاکھ روپے اور زخمیوں کے لیے 70.605 لاکھ روپے کا معاوضہ دیا گیا۔2023-24 میں 16 اموات اور 124 زخمی ہونے کے واقعات درج ہوئے۔ حکومت نے مرنے والوں کے لیے 46.500 لاکھ روپے اور زخمیوں کے لیے 74.520 لاکھ روپے معاوضہ ادا کیا۔مالی سال 2024-25 میں، محکمہ نے اب تک 17 اموات اور 214 زخمی ہونے کی اطلاع دی ۔ مرنے والوں کے لیے 72.582 لاکھ روپے اور زخمیوں کے لیے 132.300 لاکھ روپے کا معاوضہ ادا کیا گیا ہے۔محکمہ جنگلی حیات کے تحفظ نے کہا کہ اس نے وائلڈ لائف پروٹیکٹڈ ایریاز اور باہر محفوظ زونز کے اندر انسانوں اور جنگلی حیات کے تصادم کے واقعات کو روکنے کے لیے مختلف اقدامات کیے ہیں۔