شہریوں اورکمیونٹی رہنمائوں سے اپنا رول ادا کرنے کی تلقین
سرینگر// لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے منگل کو پولیس اور سول انتظامیہ کے اہلکاروں کو سخت چوکس رہنے اور جموں و کشمیر میں امن و سکون برقرار رکھنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔سنہا نے X پر ایک پوسٹ میں کہا، “پولیس کنٹرول روم سرینگر میں پولیس اور سول انتظامیہ کے سینئر افسران کی ایک میٹنگ کی صدارت کی تاکہ امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا جا سکے۔ افسران کو سخت چوکس رہنے اور عوامی امن و سکون کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت دی،” ۔انہوں نے لوگوں اور کمیونٹی رہنمائوں سے ہم آہنگی کو برقرار رکھنے اور پرامن ماحول کو یقینی بنانے کی اپیل کی۔انہوں نے کہا”میں شہریوں اور کمیونٹی رہنمائوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ ہم آہنگی کو برقرار رکھیں اور معاشرے میں امن اور خیر سگالی کی فضا میں اپنا حصہ ڈالیں، امن کا تحفظ اور معاشرے کی ترقی کو برقرار رکھنا ایک مشترکہ ذمہ داری ہے جو ہم میں سے ہر ایک پر یکساں طور پر عائد ہوتی ہے،” ۔سنہا نے دن کے اوائل میں یہاں اعلیٰ سیکورٹی حکام کے ساتھ ایک میٹنگ میں جموں و کشمیر کی سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔
ایک سرکاری ترجمان نے کہا، “لیفٹیننٹ گورنر نے جموں کشمیر میں موجودہ سیکورٹی کے حالات پر گہرائی سے بات چیت کی۔”یہ اجلاس امریکہ اور اسرائیل کے مشترکہ حملے میں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی ہلاکت کے خلاف کشمیر اور جموں خطے کے کچھ حصوں میں بڑے پیمانے پر مظاہروں کے تناظر میں منعقد کیا گیا تھا۔میٹنگ میں ڈی جی پی نلین پربھات ، ایس جے ایم گیلانی، اسپیشل ڈی جی(کوآرڈینیشن)، آنند جین، اے ڈی جی پی آرمڈ؛ نتیش کمار، اے ڈی جی پی سی آئی ڈی؛ وی کے بردی، آئی جی پی کشمیر؛ انشول گرگ، ڈویژنل کمشنر کشمیر، راجیو پانڈے، ڈی آئی جی، سی کے آر، اکشے لابرو، ڈپٹی کمشنر سری نگر اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔
لوک بھون میں سیکورٹی جائزہ میٹنگ،شمالی کمان کے سربراہ کی بھی شرکت

عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر //لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے لوک بھون، سرینگر میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی، جس میں آیت اللہ علی خامنہ ای کی ہلاکت کے بعد جموں و کشمیر میں موجودہ سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔ایکس پر ایک پوسٹ میں، ایل جی کے دفتر نے کہا کہ گہرائی سے بات چیت میں لیفٹیننٹ جنرل پرتک شرما( جی او سی شمالی کمان،نلین پربھات، ڈی جی پی جموں و کشمیر، لیفٹیننٹ جنرل پرشانت سریواستو( جی او سی 15 کور)اور میجر جنرل بلبیر سنگھ (ایم جی جی ایس، شمالی کمان) نے شرکت کی۔ اس میں کہا گیا کہ میٹنگ میں موجودہ صورتحال کا جائزہ لینے اور سیکورٹی ایجنسیوں کے درمیان ہم آہنگی بڑھانے پر توجہ مرکوز کی گئی۔
ناردرن کمانڈر کی زیر صدارت
میٹنگ میں سیکورٹی صورتحال پر غور و خوض
میٹنگ میں سیکورٹی صورتحال پر غور و خوض
عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// فوج کے ناردرن کمانڈر، لیفٹیننٹ جنرل پراتیک شرما نے منگل کو ایک اعلیٰ سطحی سیکورٹی جائزہ میٹنگ کی صدارت کی، جس میں فارمیشن کمانڈروں اورمنسلک ایجنسیوں کے نمائندوں کے ساتھ مل کر سیکورٹی کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور اس پر غور و خوض کیا۔ایکس پر ایک پوسٹ میں، فوج کی شمالی کمان نے کہا کہ لیفٹیننٹ جنرل شرما نے سرینگر میں ایک میٹنگ کی صدارت کی جس میں وادی کشمیر میں سیکورٹی کی ابھرتی ہوئی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔اس میں کہا گیا ہے”آرمی کمانڈر نے فارمیشن کمانڈروں اور دیگر ایجنسیوں کے نمائندوں کے ساتھ موجودہ سیکورٹی صورتحال پر غور و خوض کیا۔ شمالی کمان جموں کشمیر کے شہریوں کی حفاظت اور سلامتی کو یقینی بنانے کے اپنے عزم میں پرعزم ہے”۔