امریکہ: یومِ آزادی پر فائرنگ کے واقعات میں 12 افراد ہلاک

 

نیویارک //امریکا میں یومِ آزادی کے ویک اینڈ کے دوران فائرنگ کے مختلف واقعات میں ایک درجن سے زائد افراد ہلاک اور کم ازکم 60 زخمی ہوگئے۔ ان میں 6 افراد شکاگو میں 4 جولائی کی مخصوص پریڈ کے دوران فائرنگ میں مارے گئے۔فائرنگ کے واقعات سے قبل اوہایو کے علاقے اکرون میں پولیس کی جانب سے ایک سیاہ فام نوجوان جے لینڈ واکر کے بہیمانہ قتل کے خلاف ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے ہورہے تھے۔اس کی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ جب نوجوان نے پولیس سے بچ کر فرار ہونے کی کوشش کی تو اسے 60 گولیاں ماری گئیں۔اس واقعے کے بعد احتجاجی مظاہرے شروع ہوگئے تھے جس کے سبب اکرون میں ہنگامی حالت نافذ کردی گئی تھی۔

 

بعدازاں اوہایو کے علاقے ٹولیڈو میں ایک 21 سالہ نوجوان کو اس کے گھر کے باہر گولی مار کر قتل کردیا گیا۔شگاگو کے شہر ہائی لینڈ پارک میں 4 جولائی کی پریڈ شروع ہونے کے 10 منٹ بعد ایک مسلح شخص نے ہائی پاورڈ رائفل سے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک جبکہ 16 زخمی ہوگئے۔فائرنگ کے واقعے کے بعد امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا کہ ‘میں مسلح تشدد کی وبا کے خلاف لڑائی نہیں روکوں گا’۔امریکی صدر نے کہا کہ جون کے آخر میں انہوں نے ایک دہائی میں سب سے نمایاں اسلحہ کنٹرول کرنے کے اقدامات کو قانون میں بدلنے کے بل پر دستخط کیے ہیں لیکن ابھی بہت کام کرنا باقی ہے۔گزشتہ برس یوم آزادی کے ویک اینڈ پر فائرنگ کے مختلف واقعات میں 19 افراد مارے گئے تھے جبکہ 100 زخمی بھی ہوئے۔حالانکہ شکاگو پولیس نے گزشتہ برس کے واقعات سے بچنے کیلئے شہر بھر میں اضافی سیکیورٹی تعینات کی تھی لیکن وہ فائرنگ کے واقعے کو نہ روک پائے۔