واشنگٹن//کیلیفورنیا میں قائم یوٹیوب کے دفتر میں خاتون نے مبینہ طور پر 3 افراد پر فائرنگ کرنے کے بعد خود کو گولی مارلی۔کیلیفورنیا سے تعلق رکھنے والی نیوز ایجنسی کے مطابق خاتون سبزی کھانے سے متعلق مواد کی ویڈیو بنانے کا کام کرتی تھیں جنہوں نے اپنی ذاتی ویب سائٹ پر یوٹیوب کی سینسر شپ کے خلاف آواز اٹھائی تھی۔واضح رہے کہ پولیس کی جانب سے باضابطہ طور پر فائرنگ کرنے والے کا نام اور مقصد شائع نہیں کیا گیا۔سین برونو شہر میں گوگل کی ملکیت میں چلنے والی ویڈیو شیئرنگ سروس میں مبینہ طور پر خاتون کی جانب سے فائرنگ کیے جانے کے بعد افراتفری مچ گئی۔سین برونو پولیس کے سربراہ ایڈ باربیرینی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ دفتر سے ہمیں ایک خاتون ملی ہیں جنہوں نے خود کو گولی مار کر ہلاک کیا اور فی الحال ہمارا ماننا ہے کہ وہ ہی فائرنگ کرنے والی ہیں۔