اننت ناگ// گورنر کے صلاحکاروں خورشید گنائی اور کے کے شرما نے بال تل بنیادی کیمپ کا دورہ کیا اور وہاں افسران کی ایک اعلی سطحی میٹنگ میں سالانہ شری اَمرناتھ یاتراکے سلسلے میں اِنتظامات کا جائزہ لیا۔ میٹنگ میں ایس ایس پی گاندربل خلیل پوسوال ، اے ڈی ڈی سی گاندربل شفقت اقبال، ایس ایس پی یاترا ، ایس ایس پی جے پی سی آر ، اے ڈی سی گاندربل ، آر اینڈ بی ، پی ایچ ای اور پی ڈی ڈی کے چیف انجینئر اں ، کیمپ ڈائریکٹر کے علاوہ دیگر متعلقہ محکموں بشمول ایس اے ایس بی ، راشٹریہ رائفلز ، سی آر پی ایف ، فوج ، پولیس ، صحت ، آبپاشی اور فلڈ کنٹرول ، سول دیفنس ، ٹرانسپورٹ ، اطلاعات و رابطہ ، سیاحت ، فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کے افسروں نے شرکت کی۔اے ڈی ڈی سی شفقت اِقبال، جو گاندربل کے اِنچارج ڈپٹی کمشنر ہیں نے ایک پاور پوائنٹ پرزنٹیشن کے ذریعے بال تل کے راستے یاترا کے اَحسن اِنعقاد کے لئے مختلف محکموں کی طرف سے کئے گئے اِنتظامات کے بارے میں تفصیلی جانکاری دی۔اُنہوں نے جانکاری دی کہ ایک مشترکہ ویری فکیشن کمیٹی نے پہلے ہی یاترا سے جُڑے اِنتظامات کی جانچ پڑتال کی ہے۔میٹنگ میں بال تل سے پوتر گپھا تک یاترا راستے کی اَپ گریڈیشن ، کنٹرول ایکسس گیٹس کی بہتری ، مسافر شیڈوں ، میڈیکل کیمپوں اور دیگر کیمپوں کے قیام ، لیبر رجسٹریشن ، مختلف مقامات پر ایمرجنسی اوپریشن سینٹروں کے قیام اور پانی ، بجلی ، رسوئی گیس ، راشن ، ادویات اور دیگر اِنتظامات کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔یاترا کے راستے مختلف مقامات پر مسافر شیڈوں کے قیام کا جائزہ لیتے ہوئے خورشید گنائی نے اے ڈی ٹوراِزم کو ذاتی طور اِن شیڈوں کا دورہ کر کے دستیاب سہولیات کا جائزہ لینے کی ہدایت دی ۔پینے کا صاف پانی دستیاب رکھنے کے حوالے سے صحت عامہ کے چیف انجینئر نے میٹنگ کو مطلع کیا کہ محکمہ نے بال تل بیس کیمپ پر ایک واٹر ٹیسٹنگ لیبارٹری قائم کی ہے جہاں روزانہ پانی کی جانچ کی جائے گی۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ بال تل سے پوتر گپھا تک 14.2کلومیٹر ٹریک پوری طرح سے قابلِ سفر ہے جبکہ مختلف مقاما ت پر سڑک کے کناروں کی تار بندی مکمل کی گئی ہے اور ریلنگ کا کام جاری ہے جسے یاترا شرو ع ہونے سے پہلے مکمل کیا جائے گا۔صلاح کار شرما نے کیمپ ڈائریکٹر اور دیگر عہدہ داروں کو بیت الخلائوں کو صاف ستھرا رکھنے اور کیمپ علاقوں میں صفائی ستھرائی یقینی بنانے کی ہدایت دی ۔خورشید گنائی نے تمام سینئر افسروں کو ذاتی طور تمام اِنتظامات کا جائزہ لینے اور یاترا کے اَحسن اِنعقاد کے لئے باہمی تال میل سے کام کرنے کی ہدایت دی۔دونوں صلاح کاروں نے تمام محکموں کوسہولیات میں بہتری لانے اور یاتریوں کے لئے تمام ضروری سہولیات دستیاب رکھنے کے احکامات دئیے تاکہ انہیں کسی بھی قسم کی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔