امرناتھ یاترا کیلئے رجسٹریشن کا عمل شروع

 یو این آئی

جموں// امرناتھ شرائن بورڈ کے اعلان کے ساتھ ہی سالانہ امر ناتھ جی یاترا کے لئے پیر کے روز رجسٹریشن کرنے کا عمل شروع ہوا۔بتادیں کہ شری امرناتھ شرائن بورڈ کے مطابق امسال امر ناتھ جی یاترا 29 جون سے شروع ہو کر 19 اگست کو اختتام پذیر ہوگی اور امسال یہ یاترا 52 دنوں پر محیط ہوگی۔ذرائع نے بتایا کہ پیر سے منتخب شدہ بینک برانچوں پر یاترا کے لئے رجسٹریشن کرنے کا سلسلہ شروع ہوا۔انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں پنجاب نیشنل بینک، سٹیٹ بینک اور یس بینک کی 540 شاخوں میں یاترا کے لئے رجسٹریشن کی جا سکتی ہے۔متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ جموں وکشمیر میں پنجاب نیشنل بینک، سٹیٹ بینک اور جموں وکشمیر بینک کی 21 شاخوں میں یاترا کے لئے رجسٹریشن کی جا سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں جموں وکشمیر بینک کی جن شاخوں میں رجسٹریشن کی جا سکتی ہے ان میں ڈوڈہ، بخشی نگر، گاندھی نگر، رزیڈنسی روڈ، بھلاور، پونچھ، راجوری، رام بن، کرن نگر، سری نگر، اودھم پور مین اور کشتواڑ شامل ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ لداخ یونین ٹریٹری میں یاتری لیہہ میں جموں و کشمیر کی بینک شاخ میں رجسٹریشن کر سکتے ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ 31 برس کی عمر سے کم اور 75 برس کی عمر سے زیادہ افراد کو یاترا کرنے کی اجازت نہیں ہے۔