اننت ناگ نشست پرپولنگ|| 25مئی تک ملتوی یوٹی انتظامیہ کی رپورٹ پرالیکشن کمیشن کا فیصلہ صادر

 عظمیٰ نیوز سروس

جموں// اننت ناگ-راجوری لوک سبھا سیٹ کیلئے انتخاب، جو 7 مئی کو ہونے والا تھا، الیکشن کمیشن نے 25 مئی تک ملتوی کر دیا۔الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے ’’ بہت ساری درخواستیں کئی سیاسی جماعتوں کی طرف سے موصول ہوئیں ، جن میں چنائو کی تاریخ کو تندیل کرنے کی بات کہی گئی، درخواستوں میں علاقوں کے درمیان رسائی میں مشکلات،دیگر عوامل، چناوی عمل میں رکاوٹیں، امیدواروں کو معقول ماحول کی عدم فراہمی، اور الیکشن عمل پر اثرات مرتب ہونے کی طرف توجہ مبذول کرائی گئی تھی‘‘۔

 

کمیشن نے یوٹی سرکار کی طرف سے بھیجی گئی رپورٹ اور ساتھ ہی ساتھ اس نشست پر زمینی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد یہ فیصلہ کیا کہ عوامی نمائندگان ایکٹ 1951کے سیکشن 56کے تحت اس نشست پر الیکشن کی تاریخ پر نظر ثانی کر کے اسے دوبارہ ترتیب دیا جائے۔یہ فیصلہ اس وقت سامنے آیا ہے جب جموں و کشمیر بی جے پی یونٹ کے سربراہ رویندر رینہ، جموں و کشمیر اپنی پارٹی سربراہ الطاف بخاری، پیپلز کانفرنس رہنما عمران انصاری اور دیگر نے الیکشن کمیشن سے رجوع کیا تھا اور موسم کی خراب صورتحال کی وجہ سے اس سیٹ پر انتخابات کو دوبارہ شیڈول کرنے کی درخواست کی تھی۔الیکشن کمیشن نے جموں و کشمیر انتظامیہ سے کہا تھا کہ وہ مغل روڑ کی صورتحال، موسم اور اس خطے تک رسائی کے بارے میں تفصیلی رپورٹ فوری طور پر پیش کرے جو جنوبی کشمیر کے کچھ حصوں اور جموں کے علاقے پونچھ اور راجوری کے علاقوں کا احاطہ کرتا ہے۔سرکاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ انتخابات 25 مئی چنائو کے چھٹے مرحلے کے ساتھ ہوں گے۔عمر عبداللہ اور محبوبہ مفتی نے گزشتہ ہفتے الیکشن کمیشن پر زور دیا تھا کہ وہ انتخابات کو ملتوی نہ کرے۔اس حلقے میں 7 مئی کو تیسرے مرحلے میں 21 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ کرنے کے لیے پولنگ ہونی تھی، جن میں محبوبہ مفتی بھی شامل ہیں جنہیں این سی لیڈر میاں الطاف کی جانب سے چیلنج کا سامنا ہے۔ اب لوک سبھا انتخابات کے چھٹے مرحلے میں پولنگ ہوگی۔