یواین آئی
جموں//گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) کٹھوعہ میں یکم جولائی سے شروع ہونے والی امرناتھ یاترا کے یاتریوں کے لئے خصوصی طور پر 50 بستروں والا پورٹیبل یونٹ تیار رکھا گیا ہے۔جی ایم سی کٹھوعہ کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ 50 بیڈ والے اس پورٹیبل یونٹ میں تمام تر طبی سہولیات کا بندو بست کیا گیا ہے تاکہ ضرورت پڑنے پر یاتریوں کا فوری طور علاج کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ یہ یونٹ یاتریوں کے لئے مخصوص ہے اس میں تمام تر طبی سہولیات دستیاب ہوں گی۔ان کا کہنا تھا کہ اس میں 5 بیڈ آئی سی یو کے ہیں جن میں تمام تر ساز و سامان موجود ہے۔موصوف عہدیدار نے کہا کہ اس کو صرف یاترا کے دوران استعمال کیا جائے گا تاکہ یاتریوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کی جاسکیں۔انہوں نے کہا کہ یونٹ میں تمام شعبوں کا عملہ چوبیس گھنٹے تیار رہے گا۔ان کا کہنا تھا کہ اس کے علاوہ ادویات کی وافر مقدار بھی دستیاب رکھی گئی ہے۔جنوبی کشمیر کے ہمالیہ پہاڑوں میں 3 ہزار 8 سو 80 میٹر کی بلندیوں پر واقع شری امر ناتھ مندر کی سالانہ یاترا یکم جولائی سے شروع ہوگی جو 31 اگست کو اختتام پذیر ہوگی۔
ُ
انتظامات کا معائنہ کرنے کیلئے صوبائی کمشنر کایاتری نواس دورہ
عظمیٰ نیوز سروس
جموں//ڈویژنل کمشنر جموں رمیش کمار نے امرناتھ یاترا 2023 کیلئے جموں بیس کیمپ میں کیے جانے والے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے یاتری نواس بھگوتی نگر کا دورہ کیا۔ڈویژنل کمشنر نے محکموں کے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی اور یاتریوںکے آرام دہ قیام اور ان کی حفاظت کیلئے کیے جانے والے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔صوبائی کمشنر نے آمدورفت کی ،یاتریوں کیلئے رہائش، لنگر کا قیام، مواصلاتی مراکز کا قیام، طبی سہولیات، یاتری نواس پر طبی ٹیم کی تعیناتی، صفائی ستھرائی، بھگوتی نگر علاقے میں عارضی بیت الخلاء اور موبائل ٹوائلٹ وین کی تنصیب، بجلی کی بلا تعطل فراہمی، پانی کی مناسب فراہمی، ٹریفک کے انتظامات وغیرہ کاجائزہ لیا۔فول پروف سیکورٹی کے لئے انہوںنے سیکورٹی ایجنسیوں کو کافی تعداد میں اہلکاروں کی تعیناتی اور اضافی سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کیلئے ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے یاتری نواس میں سہولیات میں اضافہ کرنے کی بھی ہدایت دی۔انہوںنے جے ایم سی کو چوکوں اور سڑکوں کو روشن کرکے شہر کی خوبصورتی شروع کرنے کی ہدایت کی۔ محکمہ سیاحت سے کہا گیا کہ وہ لکھن پور سے ہی نمایاں مقامات پر ہورڈنگز اور بینرز لگائے تاکہ جموں خطہ کے سیاحتی مقامات کو دکھایا جائے تاکہ سیاحوں کو ان مقامات کی طرف راغب کیا جا سکے۔پی ڈبلیو ڈی کو بھگوتی نگر تا یاتری نواس سڑک کو بلیک ٹاپ کرنے اور رکاوٹیں کھڑی کرنے کو کہا گیا۔ جے پی ڈی سی ایل کو ہدایت دی گئی تھی کہ وہ یاترا کے دنوں میں بجلی کی بلا خلل سپلائی کا انتظام کرے اور ڈی جی کا کام وقت پر ٹھیک طریقے سے چلایا جائے۔ انہوں نے یاتری نواس کے ارد گرد اور توی کے کنارے اسٹریٹ لائٹس لگانے پر بھی زور دیا۔فائر سروسز ڈیپارٹمنٹ سے کہا گیا کہ وہ بروقت شناخت شدہ جگہوں پر تعیناتی کے لیے فائر ٹینڈر تیار رکھیں۔ڈویژنل کمشنر نے دیگر افسران کے ساتھ یاتری نواس کمپلیکس کا چکر لگایا اور جاری کاموں کا معائنہ کیا۔ ڈائریکٹر ٹورازم نے انہیںیاتری نواس احاطے میں سہولیات کو بہتر بنانے کیلئے کیے جانے والے مختلف کاموں پر ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا۔ انہیںبتایا گیا کہ یاتری نواس کی فیس لفٹنگ اور تزئین و آرائش کا کام آخری مرحلے میں ہے۔صوبائی کمشنرنے متعلقہ انجینئروں کو کام کی رفتار تیز کرنے اور تمام کاموں کی جلد تکمیل کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔