قاہرہ// اسرائیل کے ایک ٹیلی ویزن نیوز چینل کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل کے وزیراعظم بنجامن نتن یاہو اور مصر کے صدر عبدالفتح السیسی کے مابین مئی میں خفیہ چوٹی کانفرنس ہوئی جس میں دونوں رہنماوں نے غزہ پٹی میں طویل مدتی جنگ بندی پر بات چیت کی۔ اسرائیل کے چینل ٹین نیوز نے پیر کو اپنی ایک رپورٹ میں نامعلوم افسر کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ یہ خفیہ میٹنگ 22مئی کو مصر میں ہوئی تھی۔رپورٹ کے مطابق دونوں لیڈروں نے غزہ کی ناکہ بندی کو آسان بنانے، اس کے بنیادی ڈھانچے کو درست کرنے اور جنگ بندی کی شرائط پر بات چیت کی۔ نتن یاہو کے ترجمان نے اس رپورٹ پر تبصرہ کرنے سے انکار کردیا۔ مصر کے حکام کی طرف سے بھی اس سلسلہ میں کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ مصر اور اقوام متحدہ اسرائیل اور غزہ پر حکومت کرنے والی اسلامی تنظیم حماس کے مابین طویل مدتی جنگ بندی میں ثالثی کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ گزشتہ کچھ مہینوں کے دوران غزہ پٹی علاقہ میں تشدد میں کافی اضافہ ہوا ہے جس کے پیش نظر جنگ بندی نافذ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ سلامتی سے متعلق فکرمندیوں کاحوالہ دیتے ہوئے ، اسرائیل اور مصر نے غزہ کے ساتھ اپنی سرحد پر سخت پابندی لگا رکھی ہے۔ اسرائیل نے حماس اور لڑاکوں کی دیگر تنظیموں تک ہتھیاروں کی سپلائی کو روکنے کے لئے ناکہ بندی کودرست ٹھہرایا ہے۔