غزہ // اسرائیلی فضائیہ کی جانب سے گزشتہ شب مقبوضہ غزہ میں اسلامی مزاحمتی تنظیم حماس کے ٹھکانوں پر شدید بمباری کی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کے ظالم فوجیوں کی جانب سے بدھ منگل کی درمیانی شب مقبوضہ فلسطین کے شہر غزہ میں واقع اسلامی مزاحمتی تنظیم حماس کے متعدد ٹھکانوں پر فضائی بمباری کی گئی ہے تاہم اسرائیل کی فضائی کارروائی کے دوران کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ اسرائیلی فورسز کے ترجمان کا کہنا ہے کہ گزشتہ رات کی جانے والی کارروائی فلسطینیوں کی جانب سے اسرائیلی حدود میں بھیجے گئے ’دھماکا خیز غباروں‘ کا ردعمل ہے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ خان یونس میں حماس کی القسام بریگیڈ کا ’البدر مرکز‘ واقع ہے، جسے اسرائیلیوں کی جانب سے نشانہ بنایا گیا ہے۔ خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ دو روز قبل فلسطینی شہریوں نے غزہ کے مشرقی علاقے میں اسرائیلی ظلم و بربریت کے خلاف احتجاج کیا تھا۔ میڈیا کے مطابق مظاہرہ کرنے والوں پر صیہونی افواج کی بے دریغ فائرنگ سے دو جوان زخمی ہوئے تھے جبکہ فلسطینیوں نے آتش گیر مادے اور دھماکا خیز مواد کے حامل غباروں کو اسرائیلی حدود میں داخل کیے تھے۔ یاد رہے کہ گزشتہ برس اگست میں صیہونی افواج کی غزہ میں واقع عمارت پر فضائی بمباری کے نتیجے میں 18 فلسطینی زخمی ہوگئے تھے، متاثرہ عمارت میں ثقافتی مرکز اور دفاتر قائم تھے۔