ادے پور واقعہ | ملزمین کے ساتھ بھاجپا لیڈروں کا تعلق ،کانگریس نے وضاحت طلب کی

نئی دہلی//یو این آئی//کانگریس نے کہا ہے کہ ادے پور کے بے رحمانہ قتل کیس میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے دو لیڈروں کے روابط کا انکشاف ہوا ہے ، اس لیے پارٹی کی اعلیٰ قیادت کو وضاحت کرنی چاہیے ۔ کانگریس کے ترجمان پون کھیڑا نے ہفتہ کو یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک کل پریس کانفرنس میں کہا کہ ادے پور میں پیش آئے ہولناک واقعہ کے تناظر میں ایک میڈیا گروپ نے انتہائی سنسنی خیز انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ کنہیا لال کے قتل کا اہم ملزم ریاض عطاری کے تعلقات بی جے پی لیڈر ارشاد چین والا اور اور محمد طاہر سے ہیں اور ان کے تعلقات کی تصویریں جگ ظاہر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس انکشاف میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ ریاض عطاری اکثر راجستھان بی جے پی کے بڑے لیڈر اور ریاست کے سابق وزیر داخلہ گلاب چند کٹاریہ کے پروگراموں میں شرکت کرتا رہا ہے ۔