ادھم پور پارلیمانی حلقہ لوک سبھا اِنتخابات کے پہلے مرحلے کیلئے تیار | حلقے میں 2,637پولنگ سٹیشن قائم کل 16.23لاکھ ووٹر 12 اُمیدواروں کی قسمت کا فیصلہ کریں گے

Voting concept in flat design. Hand putting voting paper in the ballot box.

عظمیٰ نیوز سروس

کٹھوعہ//اودھم پور پارلیمانی حلقہ (پی سی) میں 19 ؍اپریل کو ہونے والے عام اِنتخابات کے پہلے مرحلے میں 12 اُمیدواروں کی قسمت کا فیصلہ زائد اَز 16.23 لاکھ رائے دہندگان کریں گے۔اودھم پور پارلیمانی حلقہ 18 اَسمبلی حلقوں پر مشتمل ہے جو کشتواڑ، ڈوڈہ، رام بن، اودھم پور اور کٹھوعہ سمیت پانچ اضلاع میں پھیلے ہوئے ہیں۔اِس حلقے میں 16,707 مربع کلومیٹر کے وسیع رقبے پر محیط کُل16,23,195 اہل رائے دہندگان شامل ہیں۔ اِن میں 8 لاکھ 45 ہزار 283 مرد و رائے دہندگان، 7 لاکھ 77 ہزار 899 خواتین ووٹر اور 13 خواجہ سرا ووٹر شامل ہیں جو جمہوری عمل کی شمولیت کی عکاسی کرتے ہیں۔کشتواڑ ضلع میں تین اسمبلی حلقوں اِندروال، کشتواڑ اور پیڈر ناگسینی میں کل 1,75,897 رائے دہندگان ہیں جن میں 90,256 مرد اور 85,641 خواتین شامل ہیں اوراَپنے حق رائے دہی کا اِستعمال کرنے کے لئے تیار ہیں۔ڈوڈہ ضلع جس میں تین اسمبلی حلقے بھدرواہ، ڈوڈہ اور ڈوڈہ ویسٹ میں کل 305,093 رائے دہندگان ہیں جن میں 1,57,375 مرد، 1,47,711 خواتین اور 7 خواجہ سرا کے رائے دہندگان شامل ہیں۔ رام بن ضلع جو دو اسمبلی حلقوں پر مشتمل ہیں جس میں رام بن اور بانہا ل حلقے ہے، میں 219,124 رجسٹرڈ ووٹرز ہیں جن میں 1,13,814 مرد اور 1,05,310 خواتین رائے دہندگان شامل ہیں۔اودھمپور ضلع میں چار اسمبلی حلقوں اودھمپور ویسٹ، اودھمپور ایسٹ، چنانی اور رام نگر میں 4,19,854 رائے دہندگان ہیں جن میں 2,19,890 مرد اور 1,99,964 خواتین رائے دہندگان شامل ہیں۔کٹھوعہ ضلع میں چھ اسمبلی حلقوں بنی، بلاور، بسوہلی، جسروٹہ، کٹھوعہ اور ہیرا نگر میں 5,03,227 رجسٹرڈ رائے دہندگان ہیںجن میں 2,63,948 مرد، 2,39,273 خواتین اور 6خواجہ سرا ووٹر شامل ہیں۔الیکشن کمیشن آف اِنڈیا (ای سی آئی) نے پورے حلقے میں 2,637 پولنگ سٹیشن قائم کئے ہیں جن میں کشتواڑ میں 405، ڈوڈہ میں 529، رام بن میں 348، اودھمپور میں 654 اور کٹھوعہ ضلع میں 701 پولنگ سٹیشن شامل ہیں۔ الیکشن کمیشن نے منصفانہ اور شفاف اِنتخابات کے عزم کے مطابق اِنتخابی عمل کی درستگی اور سا لمیت کو یقینی بنانے کے لئے 3,658 بیلٹ یونٹ، 3,570 کنٹرول یونٹ اور 3,636 وِی وِی پی اے ٹی (ووٹر ویریفایبل پیپر آڈِٹ ٹریل) تعینات کئے ہیں۔مزید برآں، جمہوری عمل میں شفافیت کو مزید بڑھانے کے لئے 1,472 پولنگ سٹیشنوں کو ویب کاسٹنگ کی سہولیات سے لیس کیا جائے گا۔