احمد آباد//بارڈر ۔گاوسکر ٹرافی کے تحت یہاں کھیلے جارہے چوتھے اور آخری ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن بھارت نے مضبوط جوابی حملہ کیا ہے۔ تیسرے دن کا کھیل ختم ہونے پر بھارت نے 3 وکٹوں پر 289 رن بنا لیے ہیں۔ وراٹ کوہلی 59 اور رویندر جڈیجا 16 رن بنا کر ناٹ آؤٹ ہیں۔ بھارت کی جانب سے شبھمن گل نے شاندار سنچری اننگ کھیلتے ہوئے 128 رن بنائے۔ آسٹریلیا کی ٹیم پہلی اننگ کی بنیاد پر اب بھی 191 رن سے آگے ہے۔ آسٹریلیا نے پہلی اننگ میں 480 رن بنائے تھے ۔کپتان روہت شرما اور شبھمن گل نے ہندوستان کو اچھی شروعات دلائی اور پہلی وکٹ کے لیے 74 رن کی شراکت داری کی۔ میتھیو کوہنیمن نے روہت کو آؤٹ کرکے اس شراکت داری کو توڑا۔ روہت نے 58 گیندوں میں 3 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 35 رن بنائے۔ اس کے بعد گل نے پجارا کے ساتھ اننگ کو آگے بڑھایا۔ اس دوران انہوں نے مچل اسٹارک کو چوکا لگا کر اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ اس کے ساتھ ہی پجارا بھی فارم میں نظر آئے۔ دونوں نے احتیاط سے کھیلا اور ہندوستانی ٹیم کے اسکور کو 187 رن تک لے گئے۔ اس دوران گل نے ٹوڈ مرفی کی گیند پر چوکا لگا کر اپنے کیریئر کی دوسری سنچری مکمل کی۔ تاہم گل کی سنچری کے بعد اسی اوور میں مرفی نے پجارا کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر کے بھارت کو ایک اور جھٹکا دیا۔ پجارا نے 42 رن بنائے۔ تاہم آؤٹ ہونے سے قبل انہوں نے گل کے ساتھ دوسری وکٹ کے لیے 113 رنوں کی شراکت داری کی۔ اس کے بعد گل نے وراٹ کوہلی کے ساتھ 58 رنوں کی شراکت داری کرکے ٹیم کا مجموعی اسکور 245 تک پہنچا دیا۔ 245 کے مجموعی اسکور پر نیتھن لیون نے گل کوایل بی ڈبلیو آؤٹ کر کے بھارت کو بڑا جھٹکا دیا۔