محمد تسکین
بانہال// منگل کے روز جموں سرینگر قومی شاہراہ پر معمول کا دو طرفہ ٹریفک بغیر کسی خلل کے جاری رہا اور ہزاروں کی تعداد میں مال اور مسافر گاڑیوں نے دونوں طرف کے ٹریفک میں سفر کرکے اپنی اپنی منزلوں کی راہ لی ۔ اس دوران منگل کی دوپہر سے ضلع رام بن کے بیشتر علاقوں میں بادل چھائے رہے اور یہ سلسلہ شام تک جاری تھا۔ مطلع ابر آلود ہونے کی وجہ سے گزشتہ کئی روز سے وادی چناب کے بانہال ، گول ، بھدرواہ اور بٹوت کے علاقوں میں رات کے درجہ حرارت میں بہتری آئی ہے تاہم مجموعی طور پر سردی اور خشک موسم کا زور جاری ہے اور پہاڑی علاقوں میں درجہ حرارت نقظہ انجماد سے نیچے ہے۔