نئی دہلی//یو این آئی// یورپی یونین کے نو ممالک نے ہندوستان میں تیار کوویشیلڈ ویکسین کو منظوری دے دی ہے اور ایسٹونیا نے کو-ویکسین سمیت تمام ہندوستانی ٹیکوں کو منظوری دینے کا اعلان کیا ہے ۔ان یورپی ملکوں نے یہ قدم ہندوستان کی جانب سے اِس تجویز کی درخواست کے بعد اٹھایا ہے ۔ ہندوستان نے گذشتہ روز یورپی یونین کے رکن ممالک سے کووڈ کے ہندوستانی ٹیکوں اور کووِن سرٹیفکیٹ کو منظوری دینے کی درخواست کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ ہونے کے بعد ہی ہندوستان میں یورپی یونین (ای یو) کے ڈیجیٹل کووڈ سرٹیفکیٹ کو کووڈ پروٹوکال سے چھوٹ دی جائے گی۔ذرائع نے بتایا کہ ابھی تک آسٹریا، جرمنی، سلووینیا، آئسلینڈ، یونان، آیرلینڈ اور اسپین نے ای یو ڈیجیٹل کووڈ سرٹیفکیٹ میں کوویشیلڈ کو شامل کر لیا ہے ۔