کشتواڑ//کشتواڑ کے علاقہ ڈنگڈورو میں تعمیر ہورہے 1000 میگاواٹ پکل ڈول پاور پروجیکٹ میں ضلع ترقیاتی کونسل چیئرپرسن ، سرپنچ و مقامی لوگوں کا احتجاج مسلسل 9ویں روز بھی جاری رہاجبکہ اب سیاسی پارٹیاں ، سماجی کارکنان و معزز شہری و دیگر لوگ بھی انکی حمایت میں آئے ہیں۔ مقامی نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے و مقامی لوگوں کو معاوضہ کی ادائیگی کولیکر گزشتہ نو روز سے احتجاج جاری ہے۔ یوم جمہوریہ کی تقریب میں حصہ لینے کے بعد چیئرپرسن پوجا ٹھاکر و وائس چیئرپرسن سایمہ پروین نے دوبارہ ڈنگڈورو جاکر احتجاج میں شامل ہوئی جبکہ اس سے قبل احتجاج کی جگہ مقامی سرپنچ و لوگ وہاں موجود تھے جنھوں نے یوم جمہوریہ کی قریب پر وہیں قومی ترنگا لہرایا تھا۔ انھوں نے بتایا کہ احتجاج تب تک جاری رہے گا جب تک نہ انکے سبھی مطالبات کو تسلیم کیا جائے گا اور اس پر کاروائی شروع ہوگی اور اگر انتظامیہ ایسا نہیں کرسکتی تو انکا احتجاج مسلسل جاری رہے گا۔ اب ان کی حمایت میں دیگر پار ٹیاں بھی سامنے آرہی ہیں۔کانگرس کے سینئر لیڈر غلام محمد سروڑی ، عبدالمجیدوانی نے بھی انھیں مکمل کا اعلان کیا جبکہ پی ڈی پی کے ضلع یوتھ صدر واصل ڈولوال، سماجی کارکن جوگیندر بھنڈاری ، معزز شہریوں نے بھی انھیں مکمل حمایت کا اعلان کیاوہیں مقامی و خطہ چناب کی متعدد فورموں نے حمایت کا اعلان کیا ہے ۔چناب ویلی ڈیولپمنٹ فورم بھی حمایت کیلئے سامنے آئی۔انھوں نے لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ کی خاموشی پر سوال اٹھائے کہ ایک خاتون منتخب چیئرپرسن اس طرح احتجاج کررہی ہے اور انکی اواز کو کوئی نہیں سن رہا ہے۔