سرینگر //بورڈ آف سکول ایجوکیشن نے12ویں جماعت کے ریگولر امتحانات کا ڈیٹ شیٹ جاری کردیا ہے۔ نئی کووڈ گائیڈ لائنز جاری کرتے ہوئے دسویں اور بارہویں جماعت کے امتحانات میں شامل ہونے کیلئے بچوں کے والدین کی رضامندی لازمی قرار دی گئی ہے ۔بورڈ نے پیر کو 12ویں جماعت ( ریگولر) طلاب کیلئے ڈیٹ شیٹ جاری کردیا ہے۔ 12ویں کے امتحانات 9نومبر سے شروع ہوکر4دسمبر کو اختتام پذیر ہونگے۔ ڈیٹ شیٹ کے مطابق9نومبر کو انگریزی،13نومبر کو ٹورازم،ایگریکلچر، فزیکل ایجوکیشن اور آئی ٹی کے آپشنل مضامین کا پرچہ ہوگا۔16کو فزیکس،18کو جیالوجی بائیو کمسٹری ،مائکرو بیالوجی،21کو کمسٹری،25کو جیوگرافی،27کو ریاضی،30کو بیالوجی اور4دسمبر کو کمپوٹر سائنس، فنکشنل انگلش، فزیکل ایجوکیشن،، انوانمینٹل سائنس وغیرہ کے آپشنل سبجیکٹس کے امتحانات ہوگے۔اسکے ساتھ ہی بورڈ نے امتحانی مراکز کی لسٹ بھی جاری کی ہے۔امتحانی مراکز متعلقہ سکولوں کے نزدیک قائم کئے گئے ہیں لیکن بہت سارے مراکز طلاب کے متعلقہ سکولوں سے بہت دور رکھے گئے ہیں۔ادھرنئی کووڈ گائیڈ لائینز کے مطابق تمام تعلیمی اداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ جو بھی بچے امتحان میں شامل ہو رہے ہیں ان سے پہلے والدین کی رضا مندی ہونی چاہئے اور اس ضمن میں با ضابطہ طور پر والدین یا کسی دوسرے قریبی رشتہ دار سے تحریری طور پر سند حاصل کی جائیگی۔ گائیڈ لائینز میںمزید کہا گیا ہے کہ امتحان میںشامل ہونے والے طلبہ کیلئے لازمی ہے وہ ماسک پہننے ہوئے ہوں جبکہ کسی بھی بچے میں کووڈ علامت ظاہر ہو تو ان کیلئے علیحدہ سے امتحانی مرکز قائم کرنا لازمی ہے ۔