۔9اگست1953کا دن ناقابل فراموش: خالدہ شاہ

 سرینگر//عوامی نیشنل کانفرنس کی صدر بیگم خالدہ شاہ نے کہا ہے کہ 9 اگست 1953کا دن بھارت اورخاص کر جموں وکشمیر کی سیاسی تاریخ سے کبھی مٹایا نہیں جاسکتا ہے۔ کے این ایس کے مطابق بیگم خالدہ شاہ نے کہاکہ یہ وہی دن ہے جب 67سال قبل اُس وقت کے وزیر اعظم پنڈت جواہر لال نہرو نے جموں وکشمیر کی منتخب حکومت کو برخواست کرکے اپنے قریبی دوست اور میر ے والد وزیراعظم  شیخ محمد عبداللہ کو رات کی تاریکی میں گرفتار کیا جس کے باعث 3ہزار کشمیریوں کا خون سڑکوں پر بہہ گیا۔ انہوںنے کہاکہ اس فریب اور جدید بھارت کے بانیوں نے جو کشمیریوں سے اُن کی مرضی کے مطابق مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کے وعدے کئے تھے، انہیں کبھی پورا نہیں کیا۔ انہوںنے کہاکہ 9اگست 1953کو پیٹھ میں چھرا گھونپنے کے واقعہ کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا اور نہ ہی کبھی اس کے زخم مندمل ہوسکیں گے۔ انہوںنے کہا کہ ڈکسن پلان کی سازش رچانے ، جس میں جموں وکشمیر کو توڑنے اور خودمختار کشمیر بنانے کے الزام شیخ محمد عبداللہ پر لگائے گئے تھے، وہ بے سروپا تھے اور بھارت سرکارکو 11برسوں تک لیڈرشپ کو جیلوں میں بند رکھنے کے بعد شیر کشمیر کے سامنے سرنڈر کرنا پڑا اور کشمیر سازش کے تمام الزامات واپس لئے تھے۔