سرینگر// محکمہ تعلیم نے 8ویں اور نویں جماعت کے امتحانات نہ لینے کی اطلاعات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ امتحانات کے بارے میں کوئی نیا فیصلہ نہیں لیا گیا ہے بلکہ ہر سال کی طرح امسال بھی آٹھویں جماعت کا امتحان پچھلے سال کے طریقہ کار کے مطابق لیا جائے گا اور اس سلسلے میں جلد ہی تاریخوں کا اعلان ہوگا ۔ناظم تعلیم ڈاکٹر تصدق حسین کی جانب سے ایک بیان جاری کیا گیا جس میں بتایا گیا’’ سوشل میڈیا پر کچھ ایسی خبریں پھیلائی جا رہی ہیں، کہ امسال آٹھویںاور نویں جماعت کے بورڈ امتحان نہیںہونگے اور آٹھویں اور نویں جماعت میں زیر تعلیم طلبہ کو امسال امتحان میں شامل نہیں ہونا ہے ‘‘۔بیان میں کہا گیا ہے کہ ان تمام خبروں میں کوی صداقت نہیں ہے اور نہ اس ضمن میں کوئی حکمنامہ جاری کیا گیا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ اول سے ساتویںجماعت تک اور نویں کلاسز کیلئے متعلقہ اسکولوںکی جانب سے تیار کردہ شیڈول کے مطابق امتحان ہونگے تاہم آٹھویں جماعت کا امتحان ،جوDIET کی جانب سے منعقدہ کرائے جاتے ہیں، میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ آٹھویں کے امتحانات اسی طریقے سے ہونگے جس طرح پہلے ہوا کرتے تھے، اور امتحانات کیلئے پچھلے سال کا طریقہ کار دہرایا جائیگا ۔