سرینگر // 17مارچ کو لیہہ سے سرینگر ایئر پورٹ پہنچنے پر قرنطینہ کیلئے ہوٹل ہیمال منتقل کئے گئے 78افراد کو 14دنوں کی نگرانی کی مدت مکمل کرنے کے بعد منگل کو اپنے اپنے گھروںکو روانہ کردیا گیا ۔ نگرانی مدت مکمل کرنے والوں میں 52تاجر اور 26طلبہ وطالبات شامل ہیں، جنہیں مکمل تعاون دینے پر ضلع انتظامیہ اور پولیس نے سراہا ہے۔ضلع ترقیاتی کمشنر سرینگر شاہد اقبال چودھری نے بتایا ’’ کپوارہ ،بارہمولہ ،اننت ناگ ،پلوامہ اور چھانہ پورہ ونشاط سے تعلق رکھنے والے 78افراد کا ایک گروپ لیہہ سے سرینگر پہنچا تھا‘‘ ۔ان کا کہناتھا کہ اُنہیں 14روزہ لازمی قرنطینہ مرحلے سے گزر نا پڑا اور آج یہ مدت مکمل ہونے کے بعد انہیں گھر جانے کی اجازت دی گئی‘‘ ۔ضلع سرینگر میں قرنطینہ سہولیات کے انچارچ حنیف بلخی بھی تقریب پر موجود رہے۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ کورونا وائرس سے متاثرہ ممالک چین، کوریا ، جاپان، اٹلی، انڈونیشا، ملیشیاء ، ایران اور جنوب مشرقی ایشیاء کے دیگر ممالک سے واپس لوٹنے والے 1900 افرادکو مختلف ہوٹلوں، سرکاری اسپتالوں اور سکولوں میں قرنطینہ میں رکھا گیا ہے جن میں سے منگل کو 78افراد نے نگرانی کی مدت مکمل کرلی ہے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر حنیف بلخی کا کہنا تھا کہ مزید 220 بُدھ کو 14دن کی قرنطینہ مدت پوری کرنے والے ہیں اور انہیں آج ہی گھر جانیکی اجازت دی جائے گی۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ بیرون ممالک سے آنے والے دیگر افراد جو حکومت کے بنائے گئے قرنطینہ مراکز میں قیام پذیر ہیں اُنہیںاس ہفتہ کے آخر تک گھر جانے کی اجازت دی جائے گی۔