۔7 محرم کو نوناں بانڈی،سنئی پنیالی ، ہنڈی اور رہلاں میں جلوس عزا بر آمد

 پونچھ// ضلع پونچھ میں سات محرم الحرام کو کئی مقامات پر جلوِس عزا بر آمد کئے گئے جن میںعزاداروں نے نوحہ خوانی و سینہ کوبی جبکہ علماء نے واقعہ کربلا اور خاص طور پر امام حسن ؑ کے تیرہ سالہ فرزند حضرت قاسم ؑ کی شہادت پر روشنی ڈالی جن کے نام سے یہ دن منسوب کیاجاتاہے۔انجمن کاظمیہ نونا ںبانڈی پونچھ کے زیر اہتمام مجلس عزا کا انعقاد کیا گیا جس میں علمائے کرام نے واقعہ کربلا بیان کیا۔اس دوران لنگر اور سبیلوں کا بھی اہتمام کیا گیا ۔ مجلس عزا کے بعد نماز ظہر اداکی گئی جس کے بعد میںجلوس عزاء گہوارہ شریف اور علم مبارک برآمد ہوا۔جلوس میں منڈی ، پلیرہ، ساتھرہ، لورن، گلپور، دیگوار، منگناڑ اور پونچھ قصبہ سے بھی بڑی تعداد میں عزاداران امام مظلوم ؑ نے شرکت کی ۔انجمن منتظریہ سنئی پنیالی کی جانب سے بھی علم مبارک اور تعزیہ کا جلوس صبح دس بجے بر آمدکیا گیا جس میں تحصیل سرنکوٹ اور تحصیل مینڈھر کے مختلف مقامات کی انجمنوں کے ماتمی دستوں نے سینہ زنی کر کے شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کیا۔ یہ جلوس تکیہ شریف سے شروع ہوکر روایتی راستوں سے ہوتے ہوئے مکتب امام پنیالی میں اختتام پذیر ہوا۔جلوس سے قبل مجلس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا سید کرار علی جعفری اور مولانا سید جعفر جعفری نے واقعہ کربلا پر روشنی ڈالی ۔ انہوں نے کہاکہ کربلا کے بچوں میں بھی اسلام کے نام پر جان نچھاور کرنے کا اس قدر جذبہ تھاکہ شہزادہ قاسم ؑ نے کہاکہ ان کیلئے موت شہد سے میٹھی ہے ۔ انجمن معصومیہ ہنڈی گورسائی کی جانب سے بھی بعد نماز ظہرین ہر سال کی طرح اس بار بھی جلوس عزا بیاد گار حضرت قاسم علیہ السلام بر آمد کیا گیا جس میں متعدد ماتمی دستوں نے شرکت کی ۔اس دوران نوجوانوں نے ماتم و نوحہ کر کے اپنی عقیدتوں کا اظہار کیا جبکہ علمائے کرام نے امام حسین ؑکی قربانی اور موجودہ دور میں کربلا کے پیغام کی اہمیت کو اجاگر کیا۔انہوں نے کہا کہ دور حاضر کے یزیدوں کے خلاف جنگ ہر حسینی کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ امام حسین ؑنے ظلم کے خلاف قیام کر کے اپنے اقرباء اور انصار کی قربانیاں پیش کر کے ہر زمانے کے مظلوموں کو سبق دیا ہے کہ ظلم سے دب کر بیٹھ نہ جائیں بلکہ ظلم کے خلاف قیام کریں۔دریں اثناء مینڈھر کے رہلاں گوہلد علاقے میں بھی سات محرم کا جلوس برآمد ہوا۔انجمن کاظمیہ گوہلد کی قیادت میں جلوس برآمد ہواجس میں مینڈھر کے دیگر علاقوں سے بھی ماتمی دستوں نے حصہ لیا ۔اس جلوس سے مولانا ثمر کاظمی نے خطاب کیا ۔