نوشہرہ +راجوری //6روز کی خاموشی کے بعد راجوری کے نوشہرہ سیکٹر میں حد متارکہ پر ہندوپاک افواج کے درمیان فائرنگ اور گولہ باری کا تبادلہ ہواجس کی وجہ سے مقامی آبادی میں خوف و حراس پیدا ہوا۔سرکاری ذرائع نے بتایاکہ پیر کی صبح 8بج کر 15منٹ پر نوشہرہ کے کلال سیکٹر میں فائرنگ اور گولہ باری شروع ہوئی اوراس دوران بھاری ہتھیاروں کا استعمال بھی کیاگیا جس سے پورا علاقہ دہل اٹھا اور گولہ باری کی آوازیں دور دور تک سنائی دیں ۔اگرچہ اس دوران کسی طرح کا کوئی جانی نقصان نہیںہواالبتہ دوپہر تک صورتحال انتہائی کشیدہ رہی ۔جموں میں مقیم دفاعی ترجمان لفٹنٹ کرنل دیوندر آنند نے بتایاکہ پاکستانی فوج کی طرف سے صبح سواآٹھ بجے اشتعال انگیز فائرنگ اور گولہ باری شروع کی گئی جس کا بھارتی فوج نے بھی بھرپور جواب دیا ۔
حد متارکہ پر فوجی کی موت
منڈی/عشرت حسین بٹ/ساوجیاں حدِ متارکہ پر ایک فوجی اہلکار حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے وفات پاگیا۔ فوجی ذرائع کے مطابق اتوار دیر رات گئے تحصیل منڈی کے علاقہ ساوجیاں حد متارکہ پرتعینات 40آرآر یونٹ سے وابستہ حولدار وجے اوکاش ساکنہ مہاراشٹرا کی حرکت قلب بندہونے سے موت ہوگئی ۔بتایا جاتا ہے کہ مذکورہ فوجی جوان کو دل کا دورہ پڑنے کے فورً بعد ساوجیاں سے پونچھ آرمی ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم ڈاکٹروںنے اسے مردہ قرار دیا۔اس کی نعش کو آخری رسومات کی ادائیگی کیلئے مہاراشٹرا بھیج دیاگیاہے ۔