عظمیٰ نیوز سروس
جموں// وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے جمعہ کے روز ایک بڑے اعلان میں یونین ٹیریٹری میں طبی تعلیم کے شعبے میں نمایاں توسیع کا عندیہ دیا۔ قانون ساز اسمبلی میں بجٹ پیش کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت صحت کے نظام کی مضبوطی کے لیے بنیادی سطح پر عملی اقدامات کر رہی ہے۔عمر عبداللہ نے اپنے خطاب میں کہا، ’اس سال ہم تعلیمی صلاحیت بڑھانے کے لیے 548 نئی میڈیکل سیٹیں اضافہ کر رہے ہیں۔‘حکام کے مطابق ان نشستوں میں 340 نئی ایم بی بی ایس سیٹیں، 128 پوسٹ گریجویٹ نشستیں، 34 پوسٹ گریجویٹ آیورویدا نشستیں اور 46 ڈی این بی سیٹیں شامل ہیں۔وزیر اعلیٰ نے یہ بھی کہا کہ کشمیر میں قائم کیا جا رہا آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز جون 2026 تک مکمل طور پر فعال ہو جائے گا، جس سے وادی میں جدید ترین صحت سہولیات کی فراہمی کو نئی جہت ملے گی۔