نئی دلی // دلی پولیس نے جمعرات کونئی دلی کے نظام الدین مرکز میں مذہبی اجتماعات میں شرکت کے لیے آئے541 غیرملکی تبلیغی شرکا کے خلاف ویزا شرائط کی خلاف ورزی اور ’مشنری سرگرمیوں‘ میں ملوث ہونے کے الزام میں مجموعی طور پر 47 چارج شیٹ داخل کردیں۔پولیس نے چارج شیٹ میڑوپالٹین مجسٹریٹ کے سامنے داخل کی ۔جن ممالک کے افراد کے خلاف چارج شیٹ داخل کی گئی ان میں ملیشیا کے 42، قازقستان کے85اور انڈونیشا کے 414شہری شامل ہیں۔چارج شیٹ کے مطابق تمام غیر ملکی شہریوں پر ویزا قوانین کی خلاف ورزی، کورونا وائرس وبائی مرض کے عدم پھیلاؤ کے لیے جاری کیے گئے ہدایات اور وبائی امراض ایکٹ، ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایکٹ کی دفعہ 144 کی خلاف وزری پر مقدمہ درج کیا گیا۔اس ضمن میں مرکزی سرکار نے غیرملکی تبلیغی شرکا کے ویزا منسوخ کرکے ان کو بلیک لسٹ کردیا۔ابھی تک پولیس نے 915غیر ملکیوں کے خلاف47چارج شیٹ داخل کئے ہیں ۔26 مئی کو جن غیرملکی تبلیغی شرکا کے خلاف چارج شیٹ پیش کی گئی ان کا تعلق ملائیشیا، تھائی لینڈ، بنگلہ دیش، نیپال، سری لنکا اور متعدد افریقی ممالک سے تھا۔بعدازاں گزشتہ روز جن 82 غیر ملکی تبلیغی شرکا پر الزامات عائد کیے گئے ان کا تعلق افغانستان، برازیل، چین، امریکا، آسٹریلیا، قازقستان، مراکش، برطانیہ، یوکرائن، مصر، روس، اردن، فرانس، تیونس، بیلجیم، الجیریا، سعودی عرب، فجی، اور فلپائن سے ہے۔نئی دہلی پولیس نے کہا کہ 723 غیر ملکیوں کے پاسپورٹ اور 23 نیپال کے شہریوں کے شناختی کارڈ قبضے میں لے لیے گئے۔ رپورٹ کے مطابق 150 سے زیادہ غیر ملکی شہری اپنا پاسپورٹ مہیا کرنے سے قاصر رہے۔