مینڈھر //مینڈھر کے کسبلاڑی علاقہ میں قائم کر دہ گور نمنٹ ہائی سکول کا درجہ گزشتہ کئی برسوں سے مکمل ہی نہیں کیا جارہا ہے جس کی وجہ سے ایک وسیع تعداد میں طلباء بالخصوص لڑکیوں کی تعلیم بُری طرح سے متاثر ہو رہی ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ ہائی سکول کسبلاڑی علاقہ کی 5وسیع پنچایتوں کے درمیان میں قائم کیا گیا ہے جبکہ اس کے ملحقہ علاقوں میں بھی کئی ہائی سکول ،مڈل سکول اور پرائمری سکول قائم کئے گئے ہیں جبکہ علاقہ میں ہائر سکینڈری سکول نہ ہونے کی وجہ سے طلباء کی اعلیٰ تعلیم کا عمل پوری طرح سے متاثر ہورہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ علاقہ کی اکثر لڑکیاں ہائر سکینڈری سکول نہ ہونے کی وجہ سے دسویں جماعت کے بعد سکول ہی چھوڑ دیتی ہیں ۔مقامی معززین و پنچایتی اراکین نے بتایا کہ سکول کا درجہ بڑھانے کے سلسلہ میں انہوں نے کئی مرتبہ متعلقہ محکمہ اور اعلیٰ حکام سے رجوع کیا لیکن ابھی تک اس جانب دھیان ہی نہیں دیا جارہا ہے جس کی وجہ سے طلباء کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ لڑکے دسویں جماعت کا امتحان پاس کرنے کے بعد دیگر علاقوں میں تعلیم حاصل کرنے کیلئے تو جاسکتے ہیں لیکن لڑکیوں کیلئے مذکورہ عمل مشکل ہے جس کی وجہ سے زیادہ تر لڑکیاں گھریلو کام کاج ہی کرنے کو ترجیح دیتی ہیں ۔مقامی لوگوں و پنچایتی اراکین نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ ہائی سکول کسبلاڑی کا درجہ بڑھایا جائے تاکہ بچوں کی تعلیم متاثر نہ ہو۔