سرینگر// محکمہ موسمیات نے 5اپریل سے 3دن کیلئے ہلکے بادو باراں کی پیشگوئی کی ہے۔چند روز قبل تین دن تک لگاتار بارش ہونے کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا ہے اور پچھلے دو روز سے دھوپ مکمل طور پر کھل رہی ہے۔موسمی صورتحال خشک و خوشگوار رہنے کے بیچ محکمہ موسمیات نے اگلے 3روزتک موسمی صورتحال جوں کی توں رہنے کاامکان ظاہرکیا ہے۔ تاہم محکمہ نے بادوباراں کے ایک اورمرحلے کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہاکہ 5سے 7 اپریل تک وادی سمیت کئی علاقوں میں بارشیں ہونے کاامکان ہے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹرمختار احمدنے بتایاہے کہ 4اپریل کی شام سے ہی بوندا باندی کاسلسلہ شروع ہوجائیگا۔ انہوں نے بتایاکہ پھرتین روزتک 5، 6 اور 7 اپریل کوہلکی یاموسلادھار بارشیں ہونے کی اُمید ہے ۔انہوں نے کہاکہ بارشوں کایہ مرحلہ کشمیر کے علاوہ جموں صوبے کے کچھ علاقوں میں بھی اثر انداز ہوگا۔