سرینگر // وادی میں280کلو میٹر لمبی400کے وی سانبہ۔ امر گڑھ ٹرانسمیشن لائن کا ایک ٹاور تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں وادی کیلئے ہونے والی بجلی سپلائی میں 10فیصد کمی واقع ہوئی ہے اور کارپوریشن کا کہنا ہے کہ ٹاور کو ٹھیک کرنے میں کم سے کم 10دن لگیں گے۔کشمیر پاور ڈسٹری بیوشن کارپوریشن لمیٹڈ (کے پی ڈی سی ایل) کے حکام کا کہنا ہے کہ ضلع راجوری کے تھنہ منڈی علاقے میں زمین کھسکنے سے سانبہ- امرگڑھ سٹرلائٹ ٹرانسمیشن لائن کا ٹاور گر گیا، جس کی وجہ سے وادی میں بجلی کی فراہمی جزوی طور پر متاثر رہے گی۔کے پی ڈی سی ایل کی طرف سے جاری ایک بیان کے مطابق ٹرانسمشن لائن کو ہوئے نقصان سے وادی کو فراہم کی جانے والی بجلی سپلائی میں دس فیصد کمی واقع ہوگی۔بیان میں کہا گیا’’راجوری کے تھنہ منڈی علاقے میں زمین کھسکنے کی وجہ سے سانبہ- امر گڑھ سٹر لائٹ ٹرانسمیشن لائن کے ایک ٹاور کو نقصان پہنچا ہے جس کے نتیجے میں وادی میں جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب سے بجلی کی سپلائی متاثر ہوئی‘۔بیان میں مزید کہا گیا’’پاور سپلائی میں دس فیصد کمی واقع ہوئی ہے جس کی وجہ سے اضافی بجلی کٹوتی کی گئی ہے۔ ٹرانسمشین لائن کو بحال کرنے کا کام متعلقین نے اپنے ہاتھوں میں لیا ہے انہیں یہ کام مکمل کرنے میں دس دن لگیں گے‘۔کارپوریشن نے لوگوں سے اظہار معذرت کرتے ہوئے تعاون کی اپیل کی ہے ۔محکمہ بجلی کے ذرائع نے بتایا کہ تھنہ منڈی راجوری سڑک کی تعمیر کا کام چل رہا تھا جس دوران زمین کھسکنے کی وجہ سے ایک ٹاور کو نقصان پہنچا ۔انہوں نے کہا کہ ٹاور پر نصب ترسیلی لائنوں کو بدلنے کیلئے متبادل تلاش کیا جا رہا ہے تاکہ جلد از جلد بجلی سپلائی کو بحال کیا جا سکے ۔ یاد رہے کہ 3000کروڑ کی لاگت سے مکمل کئے گئے سانبہ امر گڑھ پروجیکٹ کا افتتاح 3فروری 2019 کو وزیر اعظم نے کیا تھا جبکہ اس سے قبل اس پروجیکٹ کی تعمیر پر مامور کمپنی پر ماحولیاتی قوائد ضوابط کی خلاف ورزی کرنے کا بھی الزام تھا