سرینگر// کورونا قہر کے بیچ سرینگر میں ششماہی دربار مو دفاتر جزوی طور پر کھولے جانے کے پیش نظر سول سکریٹریٹ کی طرف جانے والی تمام سڑکوں پر حسب روایت رنگ و روغن کرنے کا کام شروع کردیا گیا ہے۔ سرینگر میں 4 مئی سے سول سکریٹریٹ جزوی طور پر کھل جائے گا تاہم کورونا وائرس کے پیش نظر امسال پہلی بار دونوں صوبوں جموں اور کشمیر میں بہ یک وقت دربار مو دفاتر کھلے رہیں گے۔ جموں وکشمیر انتظامیہ نے دربار ملازمین کو جموں سے کشمیر لانے کا سلسلہ بھی شروع کیا ہے جس کے لئے سٹیٹ روڑ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی گاڑیاں استعمال میں لائی جارہی ہیں۔سرینگر میں دربار مو دفاتر کھولے جانے کے پیش نظر منگل کی صبح سکریٹریٹ کی طرف جانے والی تمام سڑکوں پر رنگ و روغن کے کام میں مزدوروں کو مصروف دیکھا گیا۔ دربار مو ملازمین کے استقبال کے لئے حسب روایت سکریٹریٹ کی طرف جانے والے جہانگیر چوک فلائی اوور کو بھی سجایا جارہا ہے اور دوسری پگڈنڈیوں اور پٹریوں کو بھی سجانے اور سنوارنے کا کام شروع ہوگیا ہے۔سکریٹریٹ کے اندر بھی مرمتی کام کے علاوہ پارکوں کو سجایاجارہا ہے جبکہ سرکاری کوارٹروں میں بیرون وادی کے اعلیٰ سرکاری ملازمین اقامت پذیر ہوتے ہیں ان کی ضروری مرمت کی جارہی ہے۔