سرینگر//کوروناوائرس کے پھیلائو کوروکنے کیلئے عملائی جارہی کوششوں اورایسے میں انٹرنیٹ خدمات کی اہمیت اورضرورت کے باوجودجموں وکشمیرکی حکومت نے یونین ٹریٹری میں فورجی موبائل انٹرنیٹ سروس کی بحالی کے معاملے کوپھرالتواء میں ڈالدیاہے ۔جمعہ شام دیرگئے ایک سرکاری حکمنامے میں یہ جانکاری دی گئی کہ جموں وکشمیرمیں 2جی موبائل انٹرنیٹ سروس کو15اپریل تک جاری رکھاجائیگا۔خیال رہے گزشتہ حکمنامے میںیہ سروس 4اپریل تک کیلئے دستیاب رکھی گئی تھی۔جے کے این ایس کے مطابق حکومت کی جانب سے 4جی سروس بحال کرنے کے برعکس 2جی سروس کوہی جاری رکھے جانے کے حوالے سے یہ وضاحت دی گئی کہ انٹلی جنس ایجنسیوں اورقانون کوروبہ عمل لانے والے اداروں کی رپورٹوں میں خبردارکیاگیاہے کہ اَمن مخالف عناصرفورجی انٹرنیٹ سروس کوغلط اوربے بنیادپروپگنڈہ پھیلانے کیلئے استعمال کرسکتے ہیں تاکہ جموں وکشمیرمیں امن وامان کی صورتحال کوبگاڑنے کیساتھ ساتھ ملی ٹنسی کی سرگرمیوں کوبھی بڑھائوادیاجائے ۔بیان میں یہ بھی بتایاگیاکہ مختلف معاملات کولیکر کچھ شرپسندعناصرلوگوں کوگمراہ کرنے اورجعلی خبروں واطلاعات کوپھیلانے کی غرض سے سوشل میڈیاسائٹس کااستعمال کرتے رہتے ہیں ،جیسا کہ کوروناوائرس کی وجہ سے جاری سنگین صورتحال کے علاوہ اقامتی قانون کے معاملے پربھی دیکھاگیاکہ کس طرح سے کچھ لوگ سماجی رابطہ گاہوں کاغلط استعمال کرتے ہیں ۔جموں وکشمیرکے پرنسپل سیکرٹری امورداخلہ شالین کابرانے ٹوجی سروس کی معیاد15اپریل تک بڑھائے جانے کے حوالے سے جاری حکم میں کہاکہ حالیہ دنوںمیں اسبات کونوٹس کیاگیاکہ کچھ عناصراس فراق میں رہتے ہیں کہ مختلف معاملات پرلوگوں کوگمراہ کرنے کیلئے سوشل میڈیاسائٹس کاغلط استعمال کیاجائے ۔انہوں نے کہاکہ فورجی موبائل انٹرنیٹ سروس کی بحالی سے ایسے عناصر کی سرگرمیوںکادائرہ بڑھ جائیگا،اسلئے فی الوقت جموں وکشمیرمیں ٹوجی سروس کوہی جاری رکھنے کافیصلہ لیاگیا۔انہوں نے کہاکہ نیااقامتی قانون ایک ایسا حساس معاملہ ہے ،جس کے بہانے امن مخالف عناصر لوگوں میں بلاوجہ کی غیریقینیت اورتشویش پیداکرکے امن وامان کیلئے خطرات پیداکرسکتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ ٹوجی سروس کے ذریعے بھی موبائل صارفین کوروناوائرس سے متعلق تمام ضروری جانکاری حاصل کررہے ہیں ،اسلئے حکومت نے فیصلہ لیاکہ اس سروس کی دستیابی کو15اپریل تک بڑھایاجائے ۔حکومت کے جاری کردہ تازہ حکم میں بتایاگیاکہ جموں وکشمیرمیں ٹوجی موبائل انٹرنیٹ سروس 4اپریل سے 15اپریل2020تک جاری رہے گی ،ماسوائے اس دوران اسبارے میں کوئی متبادل فیصلہ نہ لیاجائے۔