بانڈی پورہ //پیپلز کانفرنس چیئرمین سجاد غنی لون نے کہا کہ دفعہ 370کی حفاظت کے لئے ہم متحد ہیں لیکن خاندانی راج کے خاتمہ کے لئے پر عزم بھی۔شیر کشمیر سٹیڈیم بانڈی پورہ میں چناوی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بانڈی پورہ میں میرے مرحوم والد کے زمانے میں پیپلز کانفرنس کا دبدبہ تھا لیکن حالات بدل گئے اب ہم نے بدلاو کا نعرہ لیکر بانڈی پورہ سے نئی شروعات کی ہے۔ لون نے نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ ان دونوں جماعتوں نے چالیس سال سے اقتدار میں رہنے کے لیے لوگوں کو جھوٹے دعووں کے ذریعے بڑے پیمانے پر استحصال کیا ۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم شیخ محمد عبداللہ نے رائے شماری دفن کرکے 1975 میں اندرا عبداللہ ایکارڑ کرکے وزیر اعلی کی کرسی چنی، پھر 1975 میں ایک تہائی اکثریت حاصل کرکے سیفٹی ایکٹ کا کالا قانون پاس کیا جبکہ 1978 میں لینڈ گرانٹس بل منظور کر کے دفعہ 370 کو کھوکھلا بنادیا ۔اب ان کا پوتا ووٹ مانگنے کے بہانے وزیر اعظم اور صدر ریاست قائم کرنے کا بے بنیاد دعوی کر رہا ہے جو کہ ڈھکوسلہ ہے ۔سجاد نے کہا کہ عمر عبداللہ صاحب پہلے ان لوگوں سے معافی مانگیں جن کو سیفٹی ایکٹ کے تحت بلا وجہ جیلوں میں ٹھونسا گیا اور مجھ سے بھی معافی مانگنی ہوگی چونکہ میرے مرحوم والد بھی متعدد بار سیفٹی ایکٹ کے تحت جیل میں بند رہے ۔ محبوبہ مفتی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اقتدار میں جب تھی تو لوگوں پر بے تحاشا مظالم ڈھائے اب جبکہ اقتدار کھویا مگرمچھ کے آنسو بہانے لگی ہے۔