مطلوب جیش کمانڈر شامل، طویل آپریشن کے دوران6بار طرفین میں آمنا سامنا ہوا
عاصف بٹ
کشتواڑ // جموں و کشمیر کے کشتواڑ ضلع کے ایک دور افتادہ علاقے میں اتوار کو سیکورٹی فورسز کے ساتھ تصادم میں جیش محمدسے وابستہ3ملی ٹینٹ مارے گئے، جن میں فورسز کو مطلوب جیش کمانڈر بھی شامل ہے۔اس گروپ کی تلاش میں 2پیرا، 11آر آر، ایس او جی اور سی آر پی ایف نے پچھلے 36روز سے مختلف علاقوں میں آپریشن کئے اور علاقے میں موبائل انٹر نیٹ کی خدمات کو معطل رکھا۔ 2024سے کشتواڑ کے اس علاقے میں 24 سے زائدمرتبہ ملی ٹینٹوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان گولیوں کا تبادلہ ہوا ہے۔تازہ جھڑپ کے بارے میں فوج نے کہا کہ ملی ٹینٹوں کو چھاتروو بیلٹ کے پاسرکوٹ کے عام علاقے میں ٹرشی-1 آپریشن کے دوران مارا گیا اور ان کے پاس سے دو اے کے 47 رائفلیں سمیت اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔فوج کی وائٹ نائٹ کور نے اپنے ٹویٹ میں کہا “پولیس، انٹیلی جنس بیورواور اپنے انٹیلی جنس ذرائع سے ملنے والی مصدقہ انٹیلی جنس معلومات کی بنا پر، آپریشن تراشی-I کے تحت کشتواڑ کے علاقے میں مشترکہ آپریشن شروع کیا گیا تاکہ علاقے میں سرگرم ملی ٹینٹوں کا سراغ لگایا جا سکے اور انہیں بے اثر کیا جا سکے‘‘۔فوج نے کہا، “پہلے قائم ہونے والے کامیاب رابطے کے بعد، سی آئی ایف (کانٹر انٹیلی جنس فورس)ڈیلٹا کے دستوں نے، پولیس اور سی آر پی ایف کے ساتھ قریبی تال میل میں، 10.50منٹ پر فائرنگ شروع ہوئی اور آپریشن دن کے12.30 بجے ختم ہوا۔اسکے بعدتلاشی کارروائی ایک بجے مکمل ہوئی۔ابتدائی معلومات کا حوالہ دیتے ہوئے،فوج نے کہا کہ مارے گئے تینوں ملی ٹینٹ پاکستانی اور کالعدم جیش محمد کے رکن ہیں۔مارے گئے ملی ٹینٹوں سے 2رائفلیں اور ایک ایم 4 رائفل بھی شامل ہے۔انہوں نے بتایا کہ ملی ٹینٹ ایک پہاڑی کے دامن میں ایک مٹی کے گھر کے اندر چھپے ہوئے پائے گئے اور انہوں نے قریب آنے والی تلاشی پارٹیوں پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں شدید فائرنگ شروع ہو گئی۔فائرنگ کے تبادلے میں3ملی ٹینٹوں کو کامیابی کے ساتھ بے اثر کر دیا گیا۔انہوں نے کہاکہ حکمت عملی کی درستگی اورہم آہنگی کے ساتھ ایک پہاڑی ڈھلوان پر موجود ڈھوک کے ارد گرد گھیرا تنگ کیا اور آپریشن کی کامیابی کو یقینی بنایا۔چھاترو جنگل کی پٹی میں گزشتہ ماہ ملی ٹینٹوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان تقریباً نصف درجن مقامات پرجھڑپیں ہوئیں، جس کے نتیجے میں ایک فوجی اور ایک ملی ٹینٹ مارا گیا۔اتوار کوتین ملی ٹینٹوں کی ہلاکت کے ساتھ، اس سال جموں خطہ میں الگ الگ انکائونٹر میں سیکورٹی فورسز کے ذریعہ کل6جیش ملی ٹینٹوں کو ہلاک کیا گیا ہے۔ اس سے پہلے ادھم پور میں2 اور کٹھوعہ ضلع میں ایک ملی ٹینٹ مارا گیا تھا۔
شمالی کمان سربراہ کی وائٹ نائٹ کور کو مبارکباد
یو این آئی
جموں//فوج کی شمالی کمان کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل پراتیک شرما نے کشتواڑ کے دشوار گزار علاقے میں جاری اوپریشن تراشی-اوّل کے دوران ملی ٹینٹوں کو ہلاک کرنے پر وائٹ نائٹ کارپس کی کارروائی کو سراہتے ہوئے اسے بروقت، درست اور انتہائی پیشہ ورانہ اقدام قرار دیا ہے۔فوجی ترجمان کے مطابق آرمی کمانڈر نے زمینی سطح پر تعینات افسروں اور جوانوں کے عزم، حوصلے اور چیلنجنگ موسم و جغرافیائی حالات میں ثابت قدمی کے ساتھ کارروائی کو انجام دینے پر ان کی ستائش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشکل پہاڑی راستے، برفانی ڈھلوانیں اور مواصلاتی رکاوٹیں اس آپریشن کو مزید پیچیدہ بنا رہی تھیں، تاہم اہلکاروں نے بہادری اور پیشہ ورانہ صلاحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئےملی ٹینٹوں کی موجودگی کا سراغ لگایا اور انہیں کامیابی سے مار گرایا۔