سرینگر//صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان نے ٹریفک ایڈوائزر کی طرف سے ریاستی سرکار کو پیش کئے گئے ڈی پی آر کے تحت بلیوارڈ روڈ کے چار گلیاروں والے پروجیکٹ کیلئے سائیکل ٹریک واک وے کی تعمیر کی خاطر 12جون کو علامتی طور کام شروع کرنے کی ہدایت دی ہے۔33کروڑ روپے کی لاگت والے چار گلیاروں کے بلیوارڈ سڑک پروجیکٹ کا کام 12جون2018ء سے شروع ہوگا۔یہ پروجیکٹ نہروپارک سے کرالہ سنگری تک محیط ہوگا۔صوبائی کمشنر نے پروجیکٹ کو شروع کرنے کے لئے متعلقہ محکموں کو زمینی سطح پر کام شروع کرنے اورتمام لوازمات مکمل کرنے کی ہدایت دی تاکہ سائیک ٹریفک اورواک وے کی علامتی تعمیر کے کام کام آغا ز کیا جاسکے۔صوبائی کمشنر نے متعلقہ آفیسران کو ہدایت دی کہ پروجیکٹ کی عمل آوری کے دوران وائلڈ لائف یا ماحولیات پر کوئی اثر نہیں پڑنا چاہیے جو کہ ریاست کے ساتھ بھی جُڑا ہوا ہے۔صوبائی کمشنر نے بلا خلل کام کی تعمیر کو یقینی بنانے کے لئے ضلع ترقیاتی کمشنر سرینگر کی صدارت میںایک سب کمیٹی کی بھی تشکیل دی جس میں ٹریفک ایڈوائزر ، وی سی لائوڈا ،چیف انجینئر پی ایچ ای ،سپر انٹنڈنگ انجینئران آر اینڈ بی ،پی ڈی ڈی اورچیف وائلڈ وارڈن ممبران ہوں گے۔سب کمیٹی ایک ہفتے کے اند راندر میٹنگ منعقد کرے گی،جس کے بعد صوبائی کمشنر کے دفتر کو رپورٹ پیش کی جائے گی۔صوبائی کمشنر نے کہا کہ چار گلیاروں والے بلیوارڈ سڑک پروجیکٹ کی تکمیل سے اہم شاہراہ پر ٹریفک کا دبائو کم ہوگا۔جس سے عام لوگوں کے ساتھ ساتھ سیاحوں کو بھی سہولیات میسر ہوں گی۔میٹنگ میں اے ڈی سی سرینگر،وی سی لائوڈا،ڈپٹی ڈائریکٹر جے کے ٹی ڈی سی،متعلقہ محکموں کے چیف انجینئران،ڈپٹی ڈائریکٹر ٹورازم، ایس ایس پی ٹریفک ،جوائنٹ کمشنرایس ایم سی اور تحصیلدار سائوتھ کے علاوہ دیگر متعلقہ آفیسران بھی موجود تھے۔