دوحہ،// فٹ بال کی دنیا کا سب سے بڑا مقابلہ ‘فیفا مینز ورلڈ کپ 2022’ اتوار کو میزبان قطر اور ایکواڈور کے درمیان میچ سے شروع ہونے جا رہا ہے۔فیفا ورلڈ کپ 1930 میں یوراگوئے میں شروع ہوا تھا۔ اب 92 سال بعد ٹورنامنٹ ایک نئے مقام پر نئے چیمپئن کا تاج پہنانے کے لیے تیار ہے۔فٹ بال ورلڈ کپ پہلی بار قطر میں منعقد ہو رہا ہے۔ اس سے قبل ورلڈ کپ 2018 روس میں منعقد ہوا تھا جہاں فائنل میں فرانس نے کروشیا کو شکست دے کر فاتح بن کر ابھرا تھا۔سال 2022 کے ٹورنامنٹ میں 32 ٹیموں کو آٹھ گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ فاتح فرانس کو گروپ ڈی میں آسٹریلیا، ڈنمارک اور تیونس کے ساتھ رکھا گیا ہے جبکہ رنر اپ کروشیا بیلجیم، کینیڈا اور مراکش کے ساتھ گروپ ایف میں ہیں۔میزبان قطر اور ایکواڈور گروپ اے میں ہالینڈ اور سینیگال کے ساتھ ہیں۔ لیونل میسی کا ارجنٹائن، سعودی عرب، میکسیکو اور پولینڈ گروپ سی میں ہے۔ یورو 2020 کی رنر اپ انگلینڈ کو گروپ بی میں ایران، امریکہ اور ویلز کے ساتھ رکھا گیا ہے جبکہ ٹورنامنٹ کی فاتح اٹلی ورلڈ کپ میں جگہ بنانے میں ناکام رہی۔چار بار ورلڈ کپ جیتنے والی جرمنی کو گروپ ای میں اسپین، کوسٹاریکا اور جاپان کے ساتھ رکھا گیا ہے۔ جرمنی 2014 میں چیمپیئن ہونے کے باوجود 2018 کے ایونٹ میں ناک آؤٹ میں جگہ بنانے میں ناکام رہا اور اس بار ٹیم گزشتہ ایونٹ کی غلطیوں کو سدھارنے کی کوشش کرے گی۔