بارہمولہ اوڑی لائن کیلئے منظوری کا انتظار، راجوری کا ڈی پی آر تیار:وزیر ریلوے
سرینگر// مرکزی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ وادی کشمیر میں ریلوے کی تین نئی ذیلی لائنوں کی تعمیر کا فیصلہ فی الحال روک دیا گیا ہے۔مرکزی وزیر ریلوے اشونی ویشنو نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ سرینگر سے بارہمولہ تک پہلے سے ہی ایک ریلوے لائن موجود ہے، اور ریاستی سرکار سے تین مزید ریلوے لائنیں بچھانے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔انہوں نے کہا”بعد میں، جموں و کشمیر کی حکومت اور ممبران پارلیمنٹ نے خدشات کا اظہار کیا کہ یہ لائنیں قائم نہیں کی جانی چاہئیں کیونکہ ان سے سیب کے باغات پر خاصا اثر پڑے گا‘‘۔ انہوں نے کہا’’اب، حکومت نے ان مجوزہ تحفظات کی بنا کر ان پروجیکٹوں کو فی الحال روک دینے کا فیصلہ کیا ہے” ۔
ویشنو نے کہا کہ ریلوے نے ان پروجیکٹوں کے لیے سروے مکمل کر لیا ہے اور بارہمولہ-سری نگر کے درمیان دو سے تین نئی ریل لائنیں جوڑنے کی تجاویز کا بھی جائزہ لیا ہے۔ تاہم، منتخب نمائندوں اور باغات مالکان کے سخت اعتراضات کے بعد پروجیکٹس کو معطل کر دیا گیا، جنہوں نے خبردار کیا کہ مجوزہ منصوبوں سے سیب کی کاشت کو نقصان پہنچ سکتا ہے، جو خطے کی اہم ترین اقتصادی سرگرمیوں میں سے ایک ہے۔انہوں نے کہا کہ ابتدائی سروے کا کام مکمل ہونے کے باوجود اراکین پارلیمنٹ، یونین ٹیریٹری انتظامیہ اور کسانوں کی طرف سے بتائے گئے خدشات کو سنجیدگی سے لیا گیا ہے۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ مجوزہ اننت ناگ-پہلگام اور اونتی پورہ-شوپیان ریلوے لائنوں کیلئے سروے مکمل کیا گیا اور ریلوے لائن بچھانے کی نشاندہی بھی کی گئی ہے۔اسکے علاوہ 33.7کلو میٹر سوپور بارہمولہ کپوارہ ٹریک کیلئے بھی سروے کی گئی ہے۔ویشنو نے مزید بتایا کہ بارہمولہ-اوڑی سیکشن پر ریلوے کے بنیادی ڈھانچے کا کام مکمل ہو چکا ہے اور فی الحال منظوری کا انتظار ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مجوزہ جموں-راجوری ریل پروجیکٹ کے لیے سروے اور تفصیلی پروجیکٹ رپورٹ (ڈی پی آر)کا کام تیزی سے جاری ہے۔یہ فیصلہ پلوامہ، شوپیاں اور اننت ناگ اضلاع میں سیب کے کاشتکاروں اور رہائشیوں کے احتجاج کے درمیان آیا ہے، جس میں اس خدشے کا اظہار کیا گیا ہے کہ ان منصوبوں سے زرعی اور باغبانی اراضی متاثر ہوگی، باغات کو نقصان پہنچے گا، اور خاندانوں کی بے گھری ہوگی۔گزشتہ مہینوں کے دوران کئی احتجاجی مظاہرے کیے گئے، مقامی لوگوں نے کسی بھی زمین کے حصول سے پہلے پروجیکٹوں کی بحالی، منصفانہ معاوضے اور مشاورت کا مطالبہ کیا۔وشنو نے یہ بھی کہا کہ مرکز نے ریل بجٹ کے تحت جموں و کشمیر کے لیے تقریباً 1,086 کروڑ روپے مختص کیے ہیں، جس سے خطے میں ریل رابطے کو مضبوط بنانے پر حکومت کی توجہ کو اجاگر کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریلوے کے بنیادی ڈھانچے کو وسعت دینے کی کوششیں جاری ہیں۔ وزیر نے کہا کہ نیم تیز رفتار خدمات نے جموں و کشمیر میں رابطے اور عوامی خدمات کو برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کیا ہے، خاص طور پر سردیوں کے مہینوں میں جب سڑک کے رابطے اکثر منقطع رہتے ہیں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ ٹرینوں میں مقامی کھانے پیش کرکے علاقائی شناخت کو فروغ دیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں سے چلنے والی وندے بھارت ٹرین میں ڈوگری کھانا پیش کیا جاتا ہے جبکہ سری نگر سے جموں واپسی کے سفر پر کشمیری پکوان پیش کیے جاتے ہیں۔