سرینگر// تفتیشی ایجنسی’’این آئی اے‘‘ کی طرف سے لگاتار تین دنوں تک پوچھ تاچھ کے بعدحریت(ع) چیئرمین میرواعظ عمر فاروق جمعرات کو سرینگر پہنچے۔ وہ آج جمعہ کو جامع مسجد میں خطبہ بھی دینے جارہے ہیں۔ این آئی کی طرف سے پوچھ تاچھ کیلئے دہلی طلب کرنے کے بعد میرواعظ پیر کو پروفیسر عبدالغنی بٹ، بلال غنی لون،مسرور عباس انصاری اور ایڈویکٹ نذیر احمد رونگہ کے ہمراہ دہلی روانہ ہوگئے تھے،جس کے بعد مسلسل3دنوں تک میر واعظ کی پوچھ تاچھ ہوئی۔ حریت ذرائع کا کہنا ہے کہ جب میر واعظ عمر فاروق سرینگر ائر پورٹ پہنچے تو وہاں پر کافی تعداد میں انکے کارکن اور ہمدرد موجود تھے،جس کے بعد وہ اپنے رہائشی گھر واقع نگین پہنچے۔ اس سے قبل میر واعظ کو تفتیش این آئی اے نے مسلسل3بار نوٹسیں روانہ کرتے ہوئے دہلی ہیڈ کوارٹر پر طلب کیا تھا۔