۔25برسوں میں 5500اہلکار ہلاک: ڈی جی

جموں//پچھلے 25برسوں میں ریاست میں 5500پولیس اور فورسز اہلکار ہلاک ہوئے ہیں۔ اس بات کا خلاصہ کرتے ہوئے ریاست کے پولیس سربراہ کے راجندرا نے آج بتایا کہ جموں کشمیر پولیس نے ملی ٹینسی کا مقابلہ نیز امن بحالی میں اہم  رول نبھایا اور فرائض منصبی کی ادائیگی کے دوران 1595افسروں، جوانوں، ایس پی اوز نیز وی ڈی سی ممبران نے جان کا نذرانہ پیش کیا جب کہ مرکزی فورسز کے 4016 اہلکاروں نے ملک کی سالمیت اور یکجہتی کی خاطر اپنی جان گنوائی ہے ۔ ادہم پور پولیس اکادمی میں پاسنگ آئوٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے پولیس سربراہ نے کہا کہ جموں کشمیر پولیس نازک ترین لمحات میں بھی کسوٹی پر پورا اتری ہے ، وہ چاہے 2005کا زلزلہ ہو یا 2014کا سیلاب ، پولیس نے اپنا کردار بخوبی نبھایا۔ راجندرا نے کہا کہ علاحدگی پسندوں اور دیگر عناصر کی طرف سے اکسائے جانے کے باوجود جموں کشمیر پولیس نے پیشہ وارانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے حالات کا جوانمردی سے سامنا کیا اور مستقبل میں بھی ایسا ہی کرتی رہے گی۔ ڈی جی پی نے کہا کہ پولیس نے ریاست میں 2015کے درمیان شفاف بھرتی نظام اپنایا ہے جس کے تحت ابھی تک 4000کانسٹبل بھرتی کئے جا چکے ہیں۔