عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//راجوری میں ٹریفک قوانین کی مسلسل خلاف ورزی کرنے اور مقررہ گنجائش سے کہیں زیادہ مسافر سوار کرنے پر ٹریفک پولیس نے ایک مسافر منی بس کو ضبط کرتے ہوئے ڈرائیور کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی ہے۔ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پبلک سروس گاڑیوںمیں اوور لوڈنگ کے خلاف جاری مہم کے دوران رجسٹریشن نمبر JK11C-7235 والی منی بس کو کارروائی کا نشانہ بنایا گیا۔ مذکورہ گاڑی دوداج سے راجوری جا رہی تھی اور اسے دھندکوٹ کے مقام پر ٹریفک پولیس کی ٹیم نے روک کر تلاشی لی۔جانچ کے دوران معلوم ہوا کہ 24 مسافروں کی مجاز گنجائش رکھنے والی منی بس میں مجموعی طور پر 46 مسافر سوار تھے، یعنی بس میں 22 اضافی مسافر بٹھائے گئے تھے۔ پولیس کے مطابق اس طرح کی اوور لوڈنگ نہ صرف ٹریفک قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے بلکہ مسافروں کی جانوں کو بھی شدید خطرے میں ڈالتی ہے اور سڑک حادثات کے امکانات میں نمایاں اضافہ کرتی ہے۔
پولیس نے بتایا کہ گاڑی محمد فاروق ولد عبدالعزیز، ساکن کورہاڑ، کوٹرنکہ، ضلع راجوری، چلا رہا تھا۔ مزید تحقیقات کے دوران یہ بھی سامنے آیا کہ مذکورہ گاڑی ماضی میں بھی متعدد بار ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی میں ملوث رہی ہے۔ریکارڈ کے مطابق اس گاڑی کا اب تک 17 مرتبہ چالان کیا جا چکا ہے، جن میں 16 چالان صرف اوور لوڈنگ کے معاملات پر کیے گئے تھے، جس سے ٹریفک قوانین اور عوامی سلامتی کے حوالے سے مسلسل لاپرواہی ظاہر ہوتی ہے۔بار بار کی خلاف ورزیوں اور انسانی جانوں کو لاحق سنگین خطرات کے پیش نظر پولیس اسٹیشن درہال میں ڈرائیور کے خلاف ایف آئی آر نمبر 45/2026 زیر دفعات 281، 125 بھارتیہ نیائے سنہتا (BNS) اور موٹر وہیکل ایکٹ کی دفعہ 184 کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ٹریفک پولیس رورل جموں نے واضح کیا کہ عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے اوور لوڈنگ کے خلاف کارروائیاں آئندہ بھی سختی سے جاری رہیں گی۔ پولیس کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران اوور لوڈنگ کے خلاف 156 چالان جاری کیے جا چکے ہیں اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی۔